وزارت داخلہ پاکستان نے ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں محکموں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی خط و کتابت اور دستاویزات میں تحریک طالبان پاکستان کو ’فتنہ الخوارج‘ لکھا کریں۔
نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ’نام نہاد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا جو اسلامی عقیدے کے لیے نقصان دہ ہیں اور جو دراصل اسلام کی حقیقی تعلیمات اور جوہر کے منافی ہیں، مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب سے، نام نہاد ٹی ٹی پی کو ’فتنہ الخوارج‘ کہا جائے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جاری شدہ نوٹس کے مطابق ’اس دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کی طرف سے استعمال کیے جانے والے تمام معزز مذہبی القابات جیسے ’مفتی‘ اور ’حافظ‘ استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ اس کی بجائے، ان کے نام کے ساتھ ’خارجی کا سابقہ‘ لگا دیا جائے گا۔‘
وزارت داخلہ نے وضاحت کی کہ تمام خط و کتابت اور دستاویزات میں ’خارجی‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کا مقصد اس تنظیم کی حقیقی نوعیت اور اس کے نظریے کی عکاسی کرنا ہے۔
نوٹس میں ہدایات جاری کی گئیں کہ ’مندرجہ بالا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے۔‘
یہ نوٹس وفاقی وزارتوں/ ڈویژنوں اور تمام اداروں کو بھیجا جائے گا۔