ارشد ندیم کے گولڈ میڈل نے پاکستان کا تمغوں کا 32 سالہ قحط ختم کر دیا

ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے مینز جیولن تھرو میں ناصرف سونے کا تمغہ جیتا بلکہ انہوں نے 92.97 میٹر کی تھرو کر کے نیا اولمپکس ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔

پاکستان کے لیے اولمپک گیمز میں تمغوں کا 32 سال سے جاری قحط اس وقت ختم ہو گیا جب ارشد ندیم نے جمعرات کی رات پیرس اولمپکس کے مینز جیولن تھرو میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔

پاکستان نے 1992 سے اولمپکس میں کوئی تمغہ نہیں جیتا جبکہ اس نے سونے کا میڈل آخری بار 40 سال پہلے حاصل کیا تھا۔

پیرس میں پاکستان کے باقی ایتھلیٹس کے مختلف مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈز میں باہر ہو جانے کے سبب ارشد ہی پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کی آخری امید تھے۔

آج مینز جیولن کے فائنل مقابلوں میں ارشد کے پہلے راؤنڈ میں تھرو کو منسوخ قرار دے دیا گیا۔ پہلے راؤنڈ میں ناکامی کے بعد انہوں نے 110.0 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 92.97 میٹر کی تھرو کر کے ناصرف عمدہ کم بیک کیا بلکہ اولمپکس میں نیا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔

تیسرے راؤنڈ میں ان کی تھرو 88.72 میٹر رہی۔ اس تھرو کی رفتار 104.70 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

چوتھے راؤنڈ میں ان کی تھرو میں زیادہ جان نہیں تھی۔ وہ 105.30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تھرو کر سکے، جس کی پہنچ 79.40 میٹر رہی۔

پانچویں راؤنڈ میں ارشد کی تھرو 84.87 میٹر رہی۔ اس بار کے تھرو کی رفتار 105.10 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ارشد نے منگل کو اولمپکس میں 86.59 میٹر تھرو کر کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

انڈیا کے ٹاپ جیولن ایتھلیٹ نیرج چوپڑہ نے آج انتہائی خراب پرفارم کیا۔ ان کی پہلی، تیسری، چوتھی اور پانچویں تھرو پیر کے لائن عبور کر جانے کی وجہ سے منسوخ قرار دے دی گئی۔

دوسرے راؤنڈ میں البتہ انہوں نے 89.45 میٹر کی اچھی تھرو کی، جس کی وجہ سے وہ چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کانسی کا تمغہ گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کے حصے میں آیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر ارشد کو شاباش دیتے ہوئے لکھا کہ آپ نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے.

یہ ارشد کا اولمپکس میں مسلسل دوسرا فائنل تھا۔ اس سے قبل ٹوکیو اولمپکس میں وہ پانچویں پوزیشن پر رہے تھے۔

ارشد 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

تاہم 2023 کی عالمی ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں وہ انڈیا کے نیرج چوپڑا کو شکست دینے میں ناکام رہے اور چاندی کا تمغہ لائے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل