سیاسی بحران کے باوجود شکیب سے بہترین کارکردگی کی امید ہے: بنگلہ دیشی کپتان

شکیب سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے حالیہ دورہ حکومت میں بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے رکن تھے جسے بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد تحلیل کر دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو 20 اگست 2024 کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران (اے ایف پی)

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو نے کہا ہے کہ سابق رکن پارلیمان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن ملک میں احتجاج کے بعد تبدیل ہونے والے سیاسی منظر نامے کے باوجود پاکستان کے خلاف کل سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

37 سالہ شکیب سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے حالیہ دورہ حکومت میں بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے رکن تھے جسے بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد تحلیل کر دیا گیا تھا۔

محمد یونس کی زیر قیادت بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے گذشتہ ہفتے شکیب الحسن کو پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں شرکت کی اجازت دی تھی۔

منگل کو بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے راولپنڈی میں ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شکیب الحسن طویل عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے وہ اپنے کردار اور خود کو اس کے لیےتیار کرنے کا طریقہ جانتے ہیں۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بنگلہ دیش میں جاری حالیہ سیاسی بحران شکیب کی کارکردگی کو متاثر کرے گا، اس پر شانتو نے کہا: ’مجھے ایسا نہیں لگتا کیونکہ وہ ایک پیشہ ور کرکٹر ہیں، ہم سب انہیں (سیاست دان کی بجائے) ایک بہترین کرکٹر کے طور پر جانتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف اس سیریز میں کچھ خاص کریں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شکیب بنگلہ دیش کے کلیدی آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے 67 ٹیسٹ میں 4,505 رنز بنائے اور بطور سپنر 237 وکٹیں حاصل کیں جو کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی بنگلہ دیشی باؤلر سے زیادہ ہیں۔

ادھر ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے شہریوں نے شکیب کی ٹیم میں مسلسل شمولیت پر احتجاج کیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سابق رکن رفیق الاسلام نے بھی شکیب الحسن پر احتجاج کے دوران شہریوں کی اموات پر خاموش رہنے پر تنقید کی تھی۔

شکیب نے کینیڈا میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کے بعد بنگلہ دیش واپس جانے کی بجائے گذشتہ ہفتے پاکستان میں سکواڈ کو جوائن کیا تھا۔

ڈھاکہ میں بدامنی کے باعث ٹیم پریکٹس سیشن میں حصہ لینے سے قاصر تھی تاہم مہمان ٹیم کو اس وقت کچھ راحت کا احساس ہوا جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں اپنی تیاری کے لیے چار دن قبل پاکستان پہنچنے کی دعوت دی۔

سیاسی بحران کے باوجود شانتو نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش پاکستان کے خلاف ایک مایوس کن ٹیسٹ ریکارڈ کو پلٹ سکتا ہے جس نے پاکستان کے ہاتھوں 13 میں سے 12 ٹیسٹ میچوں میں شکست کا منہ دیکھا اور صرف ایک میچ ہی ڈرا کر پائے۔

شانتو نے اس بارے میں کہا: ’ہماری ٹیم متوازن ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم یہاں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ میرے خیال میں (پاکستان کے خلاف) ریکارڈ کو تبدیل کیا جا سکتا ہے، یہ آسان نہیں ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ ہم کچھ خاص چیزیں کر سکتے ہیں۔‘

راولپنڈی ٹیسٹ خراب موسم کی زد میں ہے جہاں میچ کے پانچوں دن بارش کی پیش گوئی ہے۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو اسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو پہلے کراچی میں شیڈول تھا جہاں چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل بینک سٹیڈیم میں تعمیراتی کام دن رات جاری ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ