بنگلہ دیش کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کراچی سے راولپنڈی منتقل

پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ میچ اب 30 اگست سے تین ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل 18 اگست 2024 کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کی (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئیز ٹرافی 2025 کے سلسلے میں پاکستان بنگلہ دیش سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ جو کراچی میں شیڈول تھا اسے راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس پر سابق کرکٹرز نے کڑی تنقید کی تھی۔

پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ میچ اب 30 اگست سے تین ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

اس فیصلے کے پیچھے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری تعمیراتی کام کا ذکر کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران ہونے والی صوتی آلودگی اور دھویں کی وجہ سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ دونوں ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلے جائیں تاکہ شائقین کو براہ راست کرکٹ دیکھنے کا بھرپور موقع مل سکے اور تعمیراتی کام متاثر نہ ہو۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید کہا ہے کہ تعمیراتی ماہرین کے مشورے کے مطابق، نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیل کے دوران جاری رہنے والے کام کی وجہ سے کرکٹرز کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے سٹیڈیم کی مکمل تیاری کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 اگست کو راولپنڈی میں شروع ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد میں پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان سیریز جاری رہے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پہلا چار روزہ میچ ڈرا ہونے کے بعد، دوسرا چار روزہ میچ 20 اگست کو اسلام آباد کلب میں شروع ہوگا، اور اس کے بعد تین 50 اوورز کے میچ 26، 28 اور 30 اگست کو کھیلے جائیں گے۔

ٹکٹوں کی فروخت

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے ٹیسٹ میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

ٹکٹ آن لائن پی سی بی کی ویب سائٹ PCB.tcs.com.pk پر دستیاب ہیں۔

ٹکٹ بوتھ ایوی ایشن گراؤنڈ، بالمقابل ریسکیو 1122، راول روڈ، 19 اگست کو صبح 11 بجے فعال ہوگا۔

عوامی پارکنگ ایوی ایشن گراؤنڈ، ریسکیو 1122 کے بالمقابل، راول روڈ پر دستیاب ہوگی اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن، سکستھ روڈ پر بھی موجود ہو گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ