پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے فاسٹ بولنگ اٹیک کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دونوں ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جن میں سے پہلا میچ 21 اگست سے کھیلا جائے گا۔
ابتدا میں دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں کھیلا جانا تھا تاہم بعد میں اسے بھی راولپنڈی ہی منتقل کر دیا گیا تھا۔
یہ پہلا موقع ہو گا جب پاکستان نئے کوچ جیسن گلیسپی کی موجودگی میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جو کہ ان کا بطور کپتان پہلا ہوم ٹیسٹ میچ ہوگا، جبکہ نائب کپتان کے فرائض سعود شکیل نبھائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نوجوان اوپنر صائم ایوب بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 13 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 12 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ڈرا رہا ہے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم گذشتہ ہفتے پاکستان پہنچی تھی۔ ملک میں حالیہ مظاہروں اور حکومت کی تبدیلی کے باعث بنگلہ دیشی ٹیم بہتر انداز میں تربیت تو نہ کر سکی تاہم انہوں نے پاکستان آنے کے بعد کئی روز تک تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا۔
مہمان ٹیم میں معروف آل راؤنڈر شکیب الحسن جو کہ شیخ حسینہ کی سابقہ حکومت میں رکن پارلیمان بھی تھے کو موجودہ عبوری حکومت نے اس ٹیسٹ سیریز کا حصہ بننے کی اجازت دی ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی: شان مسعود ( کپتان ) سعود شکیل ( نائب کپتان) عبد اللہ شفیق، بابراعظم، خرم شہزاد، محمد علی، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی۔