کینیا کی پولیس نے اپنے ہی آٹھ افسران کو گرفتار کر لیا ہے اور 42 خواتین کو قتل اور ان کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے ایک درجن دیگر افراد کے ساتھ فرار ہونے والے مرکزی ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
آٹھ میں سے پانچ پولیس افسران بدھ کو عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔
فرار ہونے والوں میں 33 سالہ کولنز جمائیسی بھی شامل ہے جسے پولیس نے 'ویمپائر، ایک نفسیاتی مریض' قرار دیا ہے اور جو گذشتہ ماہ کینیا کے دارالحکومت کی ایک کچی آبادی میں مسخ شدہ لاشوں کی ہولناک دریافت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
ایسا لگتا ہے کہ جمائیسی اور دیگر 12 افراد، جو تمام اریٹیریا کے شہری ہیں، پولیس سٹیشن میں جالی کی چھت کاٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
نیشنل پولیس کے قائم مقام سربراہ گلبرٹ میسنگیلی نے ایک بیان میں کہا کہ 'ہماری ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ فرار میں اندرونی افراد نے مدد کی تھی۔'
انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس وقت ڈیوٹی پر موجود آٹھ افسران کو معطل کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی جانچ انٹرنل افیئرز یونٹ کر رہا ہے۔
تفتیش کاروں نے ملزم جمائیسی کی گرفتاری کے وقت اس کے گھر سے متعدد قابل اعتراض اشیا برآمد کیں جن میں موبائل فون، شناختی کارڈ، ایک چاقو، صنعتی ربڑ کے دستانے، سیلوٹیپ کے رول اور نائلون کی بوریاں شامل ہیں جو متاثرین کی لاشوں کو لپیٹنے کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔
پولیس بیان کے مطابق قتل کا آغاز 2022 میں جمیسی کی بیوی کے ساتھ ہوا تھا، جس میں سب سے تازہ ترین 11 جولائی کو ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں اس فرار کا پتہ اس وقت چلا جب پولیس اہلکار صبح پانچ بجے قیدیوں کو ناشتہ دینے کے لیے معمول کے مطابق سیلوں کا دورہ کر رہے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ 'سیل کا دروازہ کھولنے پر انہیں پتہ چلا کہ 13 قیدی باسکنگ بے میں تاروں کی جالی کاٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ 12 اریٹیریا کے باشندوں کو کینیا میں غیر قانونی طور پر رہنے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
یہ پولیس سٹیشن نیروبی کے ضلع گیگیری میں واقع ہے جہاں اقوام متحدہ کا علاقائی ہیڈکوارٹر اور متعدد سفارت خانے واقع ہیں۔
پولیس زیر عتاب
یہ بمشکل چھ ماہ میں دوسرا موقع ہے جب کسی ہائی پروفائل کیس میں کوئی مشتبہ شخص حراست سے فرار ہوا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کینیا کے شہری کیون کانگیتھ، جن پر گذشتہ سال امریکہ میں اپنی گرل فرینڈ کو قتل کرنے اور اس کی لاش کو ہوائی اڈے کے کار پارک میں چھوڑنے کا الزام ہے، فروری میں ایک پولیس سٹیشن سے فرار ہو گئے تھے۔
جمعہ کو جومیسی کینیا کے دارالحکومت کی ایک عدالت میں پیش ہوئے تھے جب مجسٹریٹ نے انہیں مزید 30 دن کے لیے حراست میں رکھنے کا حکم دیا تھا تاکہ پولیس اپنی تحقیقات مکمل کرسکے۔
ڈائریکٹوریٹ آف کرمنل انویسٹی گیشن کے سربراہ محمد امین نے 15 جولائی کو گرفتاری کے بعد بتایا کہ جمیسی نے 2022 سے دو سال کے عرصے میں 42 خواتین کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
امین نے اس وقت کہا تھا کہ 'ہم ایک ویمپائر، ایک نفسیاتی مریض سے نمٹ رہے ہیں۔
جمائیسی کے وکیل نے گذشتہ ماہ اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ان کے موکل کے ساتھ بدسلوکی کی گئی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
کینیا کے نیشنل کمیشن آن ہیومن رائٹس (کے این سی ایچ آر) نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ نیروبی کی کچی آبادی مکورو میں ایک کھدائی میں پلاسٹک کے تھیلوں میں چھپائی گئی 10 خواتین کی لاشیں ملی ہیں۔
بحر ہند کے ساحل کے قریب اجتماعی قبروں سے 400 سے زائد لاشیں ملنے کے بعد کینیا کے عوام پہلے ہی نام نہاد شاکہولہ جنگل کے قتل عام سے پریشان تھے۔
کینیا کے ایک مذہبی رہنما پر الزام ہے کہ انہوں نے دنیا کے خاتمے کی تیاری اور یسوع سے ملنے کے لیے اپنے پیروکاروں کو بھوکے مرنے پر اکسایا تھا۔ انہیں درجنوں شریک ملزمان کے ساتھ دہشت گردی، قتل اور بچوں پر ظلم و ستم سمیت متعدد الزامات کا سامنا ہے۔
مکورو کی تلاش نے کینیا کی پولیس فورس پر ایک نئی توجہ مرکوز کی کیونکہ لاشیں ایک پولیس سٹیشن سے صرف 100 میٹر (گز) کی دوری پر ملی تھیں۔
سرکاری مالی اعانت سے چلنے والے کے این سی ایچ آر نے جولائی میں کہا تھا کہ وہ مکورو معاملے میں اپنی تحقیقات کر رہا ہے کیونکہ 'ماورائے عدالت قتل کے کسی بھی امکان کو مسترد کرنے کی ضرورت ہے۔'
کینیا کی پولیس واچ ڈاگ انڈیپنڈنٹ پولیس اوور سائٹ اتھارٹی نے بھی کہا تھا کہ وہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اس واقعے میں پولیس کا کوئی ہاتھ تھا یا وہ ہلاکتوں کو روکنے میں ناکام رہا تھا۔
کینیا کی پولیس پر اکثر انسانی حقوق کے گروپوں کی جانب سے غیر قانونی قتل یا ہٹ سکواڈ چلانے کا الزام عائد کیا جاتا ہے، لیکن بہت کم لوگوں کو انصاف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔