انڈیا میں سونے پر درآمدی ڈیوٹی میں خاطر خواہ کمی کے باعث قیمتی دھات کی قیمتیں نیچے گئی ہیں، جس سے ملک میں ہندو تہوار کے موقع پر طلائی زیورات اور خام سونے کی مانگ میں اضافے کا امکان ہے۔
تاہم انڈیا، جو دنیا میں سونے کی خرید و فروخت کی دوسری سب سے بڑی منڈی ہے، میں زیادہ مانگ سے سونے کی عالمی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو گذشتہ ہفتے ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ اس کے علاوہ سونے کی زیادہ درآمد انڈیا کے تجارتی خسارے اور روپے کی قدر کو بڑھانے کا بھی سبب بن سکتی ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے انڈین آپریشنز کے سی ای او سچن جین نے کہا: ’سونے پر درآمدی ڈیوٹی میں کمی کا بنیادی فائدہ خوردہ صارفین کو پہنچے گا۔‘
انڈیا نے جولائی میں سونے پر درآمدی ڈیوٹی 15 فیصد سے کم کر کے صرف چھ فیصد کر دی تھی، جس کا مقصد سمگلنگ کو روکنا تھا۔
سچن جین نے انڈیا گولڈ کانفرنس کے موقع پر خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ آئندہ ہندو تہواروں اور شادیوں کے سیزن کے دوران سونے کی مانگ بہت زیادہ بڑھ جائے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈیا میں سونے کی مانگ عام طور پر سال کے آخر میں زیادہ ہوتی ہے جب ملک میں روایتی شادیوں کا سیزن ہوتا ہے اور دیوالی اور دسہرہ سمیت بڑے تہوار منائے جاتے ہیں اور اس موقع پر سونے کی خریداری کو اچھا شگن سمجھا جاتا ہے۔
جیولری ڈویژن کے سی ای او اجوئے چاولہ نے کہا کہ ڈیوٹی میں کٹوتی سے سونے کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے رٹیل سطح پر طلب میں بہتری آئی ہے اور یہ رفتار آنے والے مہینوں میں جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران سونے کی عالمی قیمتیں گذشتہ ہفتے ریکارڈ بلندی پر پہنچ گئیں لیکن انڈیا میں مقامی قیمتیں پیر کو 71,800 انڈین روپے فی 10 گرام کے قریب تھیں جو جولائی میں 74,731 روپے کی بلند ترین سطح سے کچھ کم ہیں۔
مالابار گولڈ اینڈ ڈائمنڈز کے انڈین آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر اشر او نے کہا کہ سونے پر ڈیوٹی میں کمی نے خوردہ صارفین کو خریداری کے لیے مائل کیا ہے جو قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے تذذب کا شکار تھے۔
اشر او نے کہا کہ ڈیوٹی میں کمی نہ ہوتی تو ملک میں سونے کی قیمتیں 80,000 روپے فی 10 گرام سے اوپر پہنچ سکتی تھیں لیکن اب قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں جس سے اگلے ماہ اونم کے تہوار کے موقع پر اس کی مانگ میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔