انڈین میڈیا کے مطابق بدھ کو انڈیا کی مرکزی اور شمال مشرقی ریاست تریپورہ کی حکومت نے دو عسکریت پسند گروپوں کے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
انڈیا کے انگریزی اخبار دا ہندو کی رپورٹ کے مطابق فریقین کے درمیان بدھ کو نئی دہلی میں ہونے والی تقریب میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا کی موجودگی میں ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
بعد میں امت شاہ نے ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں لکھا: ’حکومت ہند، تریپورہ کی ریاستی حکومت نے (عسکریت پسند تنظیموں) نیشنل لبریشن فرنٹ آف تریپورہ اور آل تریپورہ ٹائیگر فورس کے درمیان معاہدے پر دستخط کے ساتھ امن اور خوشحالی کی طرف ایک اور قدم اٹھایا ہے۔‘
یاداشت پر دستخط سے قبل جاری کردہ ایک حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مرکزی وزارت داخلہ انتہا پسندی، تشدد اور تنازعات سے پاک، ترقی یافتہ شمال مشرق خطے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کو پورا کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔‘
بیان کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے شمال مشرقی خطے میں امن اور خوشحالی لانے کے لیے 12 اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن میں سے تین کا تعلق تریپورہ سے ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں مزید کہا گیا کہ مودی حکومت کی طرف سے کئی معاہدوں کی وجہ سے تقریباً 10 ہزار عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے ہیں۔
زی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس تازہ ترین معاہدے سے عدم استحکام کے شکار تریپورہ کو امن اور خوشحالی حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل لبریشن فرنٹ آف تریپورہ اور آل تریپورہ ٹائیگر فورس کی جانب سے حکومت کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد ان عسکریت پسند تنظیموں کو مرکزی دھارے میں شامل ہونے اور ریاست میں شورش سے متعلق واقعات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
یاداشت پر دستخط کے بعد بات کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ جب سے وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار سنبھالا ہے انہوں نے امن اور مذاکرات کے ذریعے شمال مشرقی خطے کو ترقی دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ’یہ ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہے کہ 35 سالوں سے جاری جدوجہد کے بعد آپ (مسلح گروپ) ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے ہیں اور پورے تریپورہ کی ترقی کے لیے اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہے۔ جب سے نریندر مودی ملک کے وزیر اعظم بنے ہیں انہوں نے امن اور بات چیت کے ذریعے اس خطے کو ترقی کی راہ پر ڈالا ہے۔