افغانستان - نیوزی لینڈ ٹیسٹ: الیکٹرک پنکھے بھی پچ نہ سکھا سکے

افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل منسوخ کر دیا گیا۔ میدان کو خشک کرنے کے لیے الیکٹرک پنکھے استعمال کیے گئے، لیکن حالات قابو میں نہیں آ سکے اور میچ منسوخ کرنا پڑا۔

گراؤنڈزمین 10 ستمبر 2024 کو نوئیڈا کے وجے سنگھ پاٹھک سپورٹس کمپلیکس میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ کرکٹ میچ کے آغاز سے قبل گیلی پچ کو خشک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں (منی شرما / اے ایف پی)

انڈیا میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ بارش کے بعد پچ گیلی ہونے کی وجہ سے منگل کو دوسرے دن بھی رکا رہا۔ گراؤنڈ کے عملے نے پچ خشک کرنے کے لیے برقی پنکھے استعمال کیے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کے ایک کرکٹ عہدے دار نے اس صورت حال کو ’بہت بڑا مسئلہ‘ قرار دیا۔

افغانستان کی ٹیم نئی دہلی کے قریب واقع گریٹر نوئیڈا کرکٹ سٹیڈیم کو ہوم گراؤنڈ قرار دے کر ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔

وہ واحد ٹیسٹ پیر کو شروع ہونا تھا لیکن بارش اور گراؤنڈ کی خراب حالت کی وجہ سے ابھی تک ٹاس بھی نہیں ہو سکا۔ منگل کو گراؤنڈ سٹاف نے پچ کے کچھ حصوں کو مزید بارش کے خدشے کے پیشِ نظر ترپال سے ڈھانپ دیا جبکہ عملے کے کچھ لوگ سب سے زیادہ گیلے مقامات کو برقی پنکھے لگا کر انہیں خشک کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

گراؤنڈ سٹاف نے ایک گیلی جگہ کو، جو کور پوائنٹ اور مڈ وکٹ کے درمیان تھی، کھود کر وہاں خشک مٹی اور تازہ گھاس بھر دی۔

امپائرز نے مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے ایک بار پھر پچ کا معائنہ کرنا تھا تاکہ اس کی حالت دیکھ کر کھیل کے آغاز کا ممکنہ وقت طے کیا جا سکے۔

اس گراؤنڈ پر پہلی بار کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا جانا ہے۔ سٹیڈیم میں نکاسی کا نظام بہت خراب ہے۔اخبار ٹائمز آف انڈیا نے گراؤنڈ کو ’ناکافی سہولیات‘ والا قرار دیا۔

کئی دنوں کی مون سون بارش کے بعد منگل کو دھوپ نکلنے کے باوجود آؤٹ فیلڈ گیلا خشک نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے دوسرے دن بھی کھیل شروع ہونے کے امکانات بہت کم رہے۔

پیر کو نیوزی لینڈ کے کھلاڑی رگبی بالز اچھال کر وقت گزارتے رہے جبکہ منگل کی صبح دونوں ٹیمیں ہوٹل تک محدود رہیں۔

افغانستان 2017 سے اس گراؤنڈ پر کئی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔

بہت بڑا مسئلہ

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے افغانستان میں مسائل کی وجہ سے افغان ٹیم کو پریکٹس کرنے اور ملک سے باہر میچ کھیلنے کی جگہ دے دی ہے۔ ان مقامات میں لکھنؤ اور دہرادون جیسے شمالی انڈیا کے شہر شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

افغانستان کے لیے لکھنؤ اور دہرادون اس ٹیسٹ کے لیے پسندیدہ مقامات تھے لیکن وہاں کے گراؤنڈز پر مقامی لیگز ہو رہی ہیں۔

گریٹر نوئیڈا میں پریس باکس پہلے کھلی جگہ لگائے گئے خیمے میں قائم کیا گیا جس میں صرف قالین اور کرسیاں تھیں۔ انٹرنیٹ یا بجلی کی کوئی سہولت نہیں تھی تاہم شکایت کے بعد اسے دوسری جگہ منتقل کر گیا۔

افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے عہدے داروں نے تنقید میں احتیاط سے کام لیا ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اس سے انڈین کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات خراب ہو سکتے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہیں مایوسی ہوئی۔

افغان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدے دار نے انڈین میڈیا کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ ’یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ہم دوبارہ یہاں کبھی نہیں آئیں گے۔‘

یہ افغانستان کا محض 10واں ٹیسٹ میچ ہے۔

ٹم ساؤتھی کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے اس سلسلے میں کھل کر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ کھیلنے جائے گی جبکہ واپس آ کر انڈیا کے خلاف مزید تین ٹیسٹ کھیلے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل