کرکٹ کے میدان میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ ملتان میں ہوا جس میں پاکستانی ٹیم کو 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پیر کو سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے، جنوبی افریقہ کی جانب سے تزمین برٹس 56 اور سن لوس 27 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ ماریزان کپ نے 14 اور چلو ٹریون نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے تین جبکہ ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنا سکی۔
عالیہ ریاض 52 اور کپتان فاطمہ ثنا نے 37 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جنوبی افریقہ کی جانب سے ماریزان کپ اور تمی سکھونے نے دو دو جبکہ سیشنی نائیڈو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے بقیہ دو میچز بھی ملتان میں 18 اور 20 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔
جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم ملتان میں ہی مقامی ہوٹل میں قیام پزیر ہے۔
سیریز کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم 21 ستمبر کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوگی جب کہ پاکستان 23 ستمبر کو روانہ ہوگا۔
پاکستان آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ ہے جبکہ جنوبی افریقہ کو بنگلہ دیش، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ گروپ میں رکھا گیا ہے۔
اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف بالترتیب 28 اور 30 ستمبر کو وارم اپ میچوں کے بعد پاکستان کا مقابلہ 3 اکتوبر کو شارجہ میں سری لنکا سے ہوگا، اس کے بعد چھ اکتوبر کو دبئی میں بھارت، 11 اکتوبر کو آسٹریلیا اور 14 کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔