غزہ کے سب سے بڑے سکول پر اسرائیلی حملہ، 19 فلسطینی جان سے گئے: حکام

غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے کہا ہے کہ ہفتے کو فلسطینی علاقے کے سب سے بڑے شہر میں سکول پر اسرائیلی حملے میں 19 افراد جان سے گئے۔

21 ستمبر، 2024 کی اس تصویر میں غزہ میں شہری دفاع کے اہلکار اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والی سکول کی عمارت میں موجود ہیں(اے ایف پی)

غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے کہا ہے کہ ہفتے کو فلسطینی علاقے کے سب سے بڑے شہر میں سکول پر اسرائیلی حملے میں 19 افراد جان سے گئے۔ حملے کا نشانہ بننے والا سکول پناہ گاہ میں تبدیل کیا گیا تھا۔

شہری دفاع کے ادارے ترجمان محمود بصل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں جان سے جانے والوں میں 13 بچے اور چھ خواتین شامل ہیں۔ جان سے جانے والی ایک خاتون حاملہ تھیں۔

ترجمان نے کہا کہ غزہ شہر میں زیتون سکول پر اسرائیلی حملے میں ’تقریباً 30 افراد زخمی ہوئے جن میں سے نو بچوں کے اعضا کاٹنے کی ضرورت تھی۔‘

بصل نے بتایا کہ ہزاروں بے گھر افراد نے اس سکول میں پناہ لے رکھی ہے۔

اسرائیل کی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ فضائیہ نے ’ان افراد پر حملہ کیا جو غزہ شہر میں حماس کے کمانڈ اور کنٹرول سینٹر کے اندر سرگرم تھے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ حملے کا ہدف الفلاح اسکول کے ’اندر موجود تھا‘ جو الزیتون سکول کی عمارت کے قریب واقع ہے۔

موقعے پر موجود اے ایف پی کے رپورٹر نے تصدیق کی کہ الزیتون اسکول سی کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے سے پہلے، یتیم بچے وہاں جمع ہوئے تھے کیونکہ انہیں ایک مقامی غیر سرکاری امدادی تنظیم کی جانب سے سپانسرشپ دی جانی تھی۔

دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے حملے کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد فراہم نہیں کی لیکن کہا کہ ’شہریوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے جن میں درست  مقدار میں گولہ بارود، فضائی نگرانی اور اضافی معلومات شامل ہیں۔‘

یہ حملہ غزہ میں بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونے والے سکولوں پر اسرائیلی حملوں میں تازہ ترین تھا۔

11 ستمبر کو مرکزی غزہ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام الجوینی سکول پر ہونے والے حملے کے بعد بین الاقوامی سطح پر احتجاج کیا گیا۔

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا کہ جان سے جانے والے 18 لوگوں میں اس کے چھ اہلکار بھی شامل تھے۔

 حماس کے زیر انتظام علاقے میں صحت کے وزارت کے مطابق غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد سے اب تک کم از کم 41 ہزار391 فلسطینی جان سے جا چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر عام شہری ہیں۔ اقوام متحدہ نے ان اعداد و شمار کو قابل اعتبار قرار دیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا