واشنگٹن: سفارت خانے کی حدود میں انڈین سفارت کار کی پراسرار موت

واشنگٹن میں انڈین سفارت خانے نے اپنے ایک سفارت کار کی سفارت خانے کی حدود میں موت کی تصدیق کی ہے۔

11 اپریل، 2011 کی اس تصویر میں واشنگٹن میں انڈین سفارت خانے کے باہر مہاتما گاندھی کا مجسمہ دیکھا جا سکتا ہے(انڈین ایمبیسی فیس بک پیج)

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں انڈین سفارت خانے نے اپنے ایک سفارت کار کی سفارت خانے کی حدود میں موت کی تصدیق کی ہے۔

دا نیو انڈین ایکسپریس ڈاٹ کام کے مطابق انڈین سفارت خانے نے سفارت کار کی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم گہرے دکھ کے ساتھ تصدیق کر رہے ہیں کہ 18 ستمبر 2024 کی شام انڈین سفارت خانے کے ایک رکن کی موت ہو گئی ہے۔‘

سفارت خانے نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ متعلقہ اداروں اور وفات پانے والے سفارت کار کے خاندان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ میت کو جلد از جلد انڈیا بھجوانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

انڈیا کے سفارت خانے نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ حکام موت کی وجوہات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں خودکشی کا امکان بھی شامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈین سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’تفتیش تمام زاویوں کا احاطہ کر رہی ہے اور ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔‘

اس مشکل وقت میں خاندان کی پرائیویسی کا احترام کرتے ہوئے سفارت خانے نے فوت ہونے والے سفارت کار کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

سفارت خانے کے بیان کے مطابق: ’اس مشکل وقت میں ہمارے جذبات اور دعائیں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔‘

بیان کے مطابق: سفارت کار کی موت کے حالات کی تفتیش جاری ہے اور حکام اس افسوسناک واقعے کے حقائق کو سامنے لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جیسے جیسے تفتیش آگے بڑھی، مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انڈین سفارت خانہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کی بھلائی کو ترجیح دیتا رہے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ