لاہور: جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کی تحقیقات شروع

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق 23 ستمبر کو کراچی سے لاہور جانے والے مسافر طیارے نے ’مے ڈے‘ کال کے بعد لاہور کے ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی جس کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

23 ستمبر 2024 کی رات لی گئی اس تصویر میں لاہور میں ہنگامی لینڈ کرنے والا نجی ایئر لائن کا مسافر طیارہ دیکھا جا سکتا ہے (ایکس / ایوی ایشن پیشن)   

پاکستان میں شہری ہوابازی کے نگران ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) حکام نے کراچی سے لاہور جانے والے نجی فضائی کمپنی کے مسافر طیارے سے ’مے ڈے‘ یعنی ہنگامی مدد کا پیغام دینے کے معاملے پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ ’23 ستمبر کی رات کراچی سے لاہور جانے والی فلائی جناح کی پرواز نے لاہور کی فضائی حدود میں کنٹرول ٹاور کو ’مے ڈے‘ کا پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ جہاز میں مسافروں کا سامان رکھنے والے حصے میں دھویں کی نشاندہی ہو رہی ہے۔

مے ڈے کال کے بعد لاہور ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی اور جہاز نے سات بج کر 18 منٹ پر لینڈ کیا، جسے 7:36 پر این بے پر ٹیکسی کیا گیا۔

کپتان کی ہدایت پر جہاز کی چاروں ایمرجنسی سلائیڈز کھول دی گئیں اور مسافروں کا پھسلتے ہوئے طیارے میں سے نکالا گیا۔

نجی ایئر لائن کے اس جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جن میں خوف و ہراس میں مبتلا مسافروں سلائڈز پر سے پھسلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ترجمان سی اے ای کے مطابق جہاز میں سوار 164 مسافروں اور عملے کو ایمرجنسی انخلا کے نظام کے ذریعہ بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔

دوسری جانب نجی ایئر لائن کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ’23 ستمبر کو کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی 8469 نے لاہور میں لینڈنگ کے وقت ’مے ڈے‘ سموک الارم کا پیغام دیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’عملے نے معیاری حفاظتی پروٹوکول پر عمل کیا، جب کہ ہماری تکنیکی ٹیم اس وقت الارم کی وجہ کی شناخت کے لیے جہاز کا معائنہ کر رہی ہے۔‘

انہوں نے مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا مسافروں اور عملے کی حفاظت ایئر لائن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

مے  ڈے کال کیا ہے؟

’مے ڈے‘ کال کو ہوا بازی کے شعبے میں استعمال کیا جاتا ہے تاہم کچھ ممالک میں مقامی اداروں جیسے پولیس فورس، فائر فائٹرز اور ٹرانسپورٹ آرگنائزیشنز بھی اس اصطلاح کو ہنگامی صورت حال میں استعمال کرتی ہیں۔

پاکستان میں شہری ہوابازی کے ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق ہنگامی صورت حال میں پائلٹ تین بار ’مے ڈے‘ کی کال دیتے ہیں۔

امریکہ میں ’مے ڈے‘ کی جھوٹی کال دینا جرم ہے اور اس پر چھ سال قید کی سزا اور ڈھائی لاکھ ڈالر جرمانہ ہو سکتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان