پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان نے جمعرات کو کہا کہ پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترتے وقت ایک سعودیہ ایئرلائنز کے طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سعودیہ ائیرلائنز کی پرواز 792 کی پشاور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بائیں لینڈنگ گئیر میں دھواں اور چنگاریاں دیکھیں۔ جس کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سول ایوی ایشن ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوراً فائر اینڈ ریسکیو سروسز کو مطلع کیا جو بروقت موقعے پر پہنچ گئے۔
سی اے اے ترجمان نے بتایا کہ ’فائر ٹینڈرز نے بروقت کارروائی کی اور لینڈنگ گئیر میں ہونے والی آتشزدگی پر فوراً قابو پا کر جہاز کو بڑے حادثہ سے بچا لیا۔‘
ترجمان نے کہا کہ تمام 276 مسافر اور عملے کے 21 ارکان انفلیٹبل سلائیڈ کے ذریعے بحفاظت جہاز سے باہر آگئے۔
سعودیہ ایئرلائنز نے اپنے موقف میں کہا کہ ماہرین اب طیارے کا تکنیکی طور پر جائزہ لے رہے ہیں۔
سعودیہ ایئرلائنز کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے طیارے کے مرمتی کام اور جامع معائنے کے ساتھ ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ پرواز ریاض سے پشاور آ رہی تھی۔
اس سے قبل یکم جون کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی حج پرواز پی کے 839 کو’ہائی ٹمپریچر وارننگ‘ کے باعث ریاض ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی۔
تاہم پی آئی اے ترجمان کے مطابق یہ وارننگ غلط ثابت ہوئی تھی۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق دوران پرواز طیارے کے کارگو کیبن میں ہائی ٹمپریچر کی وارننگ آئی، جس کے بعد پرواز کا رخ جدہ سے تبدیل کرکے اسے ریاض ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
پی آئی اے ترجمان نے مزید بتایا کہ ’طیارے کی جانچ کے بعد ہائی ٹمپریچر وارننگ غلط ثابت ہوئی اور پرواز کو دوبارہ جدہ روانہ کردیا گیا۔‘