الاؤنسز بند، گھر کا کرایہ اور بلوں کے پیسے نہیں: ہاکی ٹیم کپتان

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل کا کہنا ہے کہ حالیہ ماہ میں بہتر کارکردگی کے باوجود کھلاڑیوں کو الاؤنس نہیں مل رہے۔

11 اگست، 2024 کی اس تصویر میں پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی چین کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں گول کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی)

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل کا کہنا ہے کہ حالیہ ماہ میں بہتر کارکردگی کے باوجود کھلاڑیوں کو الاؤنس نہیں مل رہے۔

پاکستان ہاکی ٹیم نے کئی برسوں کی ناقص کارکردگی کے بعد حالیہ مہینوں میں قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہر کیا ہے۔

جس کی مثال ازلان شاہ کپ ملائیشیا میں سلور میڈل جبکہ چین میں ہونے والی ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنا ہے۔

تاہم کھلاڑی شکوہ کناں ہیں کہ وسائل کم ہونے اور کارکردگی بہتر ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کا یومیہ الاؤنسز نہیں مل سکے۔

ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ٹیم کی کارکردگی میں کسی کا کوئی تعاون نہیں بلکہ لڑکوں کی اپنی محنت ہے۔

’کیونکہ ہمارے حالات یہ ہیں کہ محکمانہ نوکریاں ختم ہونے پر مالی حالات پہلے ہی خراب ہیں۔ کئی کھلاڑی غریب گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں اور بعض گھر کا کرایہ ادا کرنے کے قابل بھی نہیں ہیں۔‘

عماد نے کہا کہ ’ہاکی فیڈریشن نے ہمیں آگاہ کیا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے جو گرانٹ دی تھی وہ ہم نے ٹیم کو بیرون ملک لے جانے کے اخراجات میں خرچ کر دی۔ حکومت فنڈز دے گی تو ہم کھلاڑیوں کو الاؤنسز دے سکیں گے۔‘

اس حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے گذشتہ روز اسلام آباد نیشنل جونیٸر ہاکی چیمپٸین شپ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

’حکومت اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ سپورٹس فیڈریشنز اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ہاکی فیڈریشن کے بقایاجات ہیں تو انہیں ضرور ادا کیا جائے گا۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے سب اس کی بہتری چاہتے ہیں۔

’ہاکی نے عالمی سطح پر پاکستان کو اعزازات سے نوازا ہے، بدقسمتی سے چند سالوں سے ہاکی میں خوشی کے لمحات نہیں مل سکے۔‘

 ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا مجاہد نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے رانا ثنا اللہ سے بات کی ہے کہ کھلاڑیوں کے یومیہ الاؤنسز ادا کرنے کے فنڈز نہیں ہیں۔

’جس سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا ہے اس کے علاوہ بھی سہولیات کا فقدان ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد گرانٹ دلوائیں گے جس کے بعد فوری کھلاڑیوں کو ان کے جو بھی الاؤنسز بننے ہیں وہ ادا کیے جائیں گے۔

’ہمیں جو پاکستان سپورٹس بورڈ سے فنڈز ملے تھے ہم نے وہ ٹیم کو چین لے جانے کے لیے ایئر ٹکٹ اور ہوٹلوں کے اخراجات پر خرچ کر دیے ہیں۔‘

الاؤنسز کتنے بنتے ہیں؟

پاکستان سپورٹس بورڈ کے جانب سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کیمپ اور انٹرنیشنل ٹورز کے دوران یومیہ کے حساب سے الاؤنس دیا جاتا ہے۔ جبکہ روزانہ یا ہفتہ وار ایڈوانس دینا لازمی ہوتا ہے۔

عماد شکیل کے بقول ’ہاکی ٹیم کو چین سے واپس آئے بھی دس روز گذر چکے اس سے پہلے اسلام آباد میں لگنے والے 25 روزہ کیمپ کے دوران بھی الاؤنس ادا نہیں کیے گئے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق: ’25 روز کے ڈومیسٹک کیمپ کے تین ہزار روپے کا ڈیلی الاونس واجب الادا ہے۔ چیمپئینز ٹرافی کے لیے چین میں 25 روز کے قیام کے 35 ہزار روپے کا ڈیلی الاونس بھی نہ مل سکا۔

’پاکستان ہاکی ٹیم چین کے دورے پر 24 اگست کو روانہ ہوئی۔ لہذا 25 روز وہاں قیام کیا اور کھلاڑیوں کو فیڈریشن ایشین چیمپئینز ٹرافی سے ایک روز پہلے سے ڈیلی الاونس پر زور دے رہی ہے۔

’جبکہ کھلاڑیوں کا فیڈریشن سے مکمل 25 روز کے ڈیلی الاونس کی ادائیگی کا مطالبہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’25 دن کیمپ جبکہ 25 دن چین میں رہنے پر نو لاکھ 50 ہزار فی کھلاڑی بنتا ہے۔ اگر حکومت فیڈریشن کو فنڈز دے گی تو وہ ہمیں الاؤنسز ادا کر سکیں گے۔

’ہماری ٹیم میں کل 22 کھلاڑی شامل ہیں۔ جن میں بیشتر مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ کئی کھلاڑیوں کے گھر نہ خرچہ ہے نہ ہی گھر کا کرایہ اور نہ بجلی کا بل دینے کے پیسے ہیں۔

’ان حالات میں کہا جاتا ہے کہ ہم کارکردگی دکھائیں اور عالمی ٹیموں کو شکست دیں جن کے کھلاڑیوں کو مالی طور پر کوئی پریشانی نہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا دین بھی کہتا ہے کہ مزدور کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کر دو لیکن یہاں تو تنگ دستی شروع ہو چکی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل