لبنان دھماکوں کے بعد ایمرٹس ایئرلائن کی پروازوں میں پیجرز، واکی ٹاکیز پر پابندی

ایئرلائن نے اپنے بیان میں کہا: ’مسافروں کے دستی یا دوسرے سامان میں ملنے والی ایسی اشیا دبئی پولیس ضبط کر لے گی۔‘

17 اپریل 2023 کی اس تصویر میں ایمرٹس ایئر لائن کا ایک طیارہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ پوزیشن میں دیکھا جاسکتا ہے (اے ایف پی)

دبئی میں قائم فضائی کمپنی ایمرٹس نے لبنان میں تخریبی حملوں کے بعد اپنے طیاروں میں پیجرز اور واکی ٹاکیز لانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کے لیے پروازوں کی منسوخی کا دائرہ مزید بڑھا دیا ہے۔

ایمرٹس ایئر لائن نے کہا کہ ’تمام مسافر جو دبئی سے، دبئی کے لیے یا دبئی کے راستے سفر کر رہے ہیں، انہیں سامان اور دستی سامان میں پیجرز اور واکی ٹاکیز لانے کی  اجازت نہیں ہوگی۔‘

 یہ پیش رفت لبنان میں حزب اللہ ارکان کے زیر استعمال پیجرز اور واکی ٹاکیز پھٹنے کے واقعات کے چند ہفتے بعد ہوئی ہے، جس کا الزام حزب اللہ نے اسرائیل پر عائد کیا تھا۔

گذشتہ ماہ پیجرز اور واکی ٹاکیز پھٹنے سے لبنان میں کم از کم 37 افراد جان سے گئے اور تین ہزار کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جمعے کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان میں ایمرٹس ایئرلائن نے کہا: ’مسافروں کے دستی یا دوسرے سامان میں ملنے والی ایسی اشیا دبئی پولیس ضبط کر لے گی۔‘

ایمرٹس جو مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی ایئرلائن ہے، نے یہ اعلان بھی کیا کہ عراق اور ایران کے لیے اس کی پروازیں منگل تک معطل رہیں گی۔

پروازوں کی یہ منسوخی رواں ہفتے ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کے بعد کی گئی، جس میں میزائل عراق اور ایران کے اوپر سے گزرے تھے۔

ایمرٹس کا کہنا ہے کہ اس کی اردن کے لیے معطل پروازیں اتوار کو بحال ہو جائیں گی۔

ایمرٹس کے مطابق لبنان آنے اور وہاں سے جانے والی پروازیں 15 اکتوبر تک معطل رہیں گی کیونکہ وہاں اسرائیل کے حملوں میں شدت آئی ہے اور دارالحکومت بیروت کے واحد ہوائی اڈے کے قریب کے حصے بھی حملوں کی زد میں ہیں۔

دیگر کئی فضائی کمپنیوں نے بھی بیروت اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں بند کر دی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا