لبنانی سرحد پر جھڑپ: ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، 10 شہری زخمی

حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان پیر کو تازہ جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے جب کہ وسطی اسرائیل میں حزب اللہ کے راکٹ حملوں میں 10 افراد زخمی ہوئے۔

چھ اکتوبر 2024 کو مقبوضہ بیت المقدس کے ہرزل فوجی قبرستان میں اسرائیلی فوجی کی آخری رسومات ادا کی جا رہی ہیں (اے ایف پی)

اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد پر حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اپنے ایک فوجی کی ہلاکت اور دو کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ وسطی اسرائیل میں ہونے والے راکٹ حملوں میں 10 اسرائیلی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک اس کا ایک فوجی لبنانی سرحد پر لڑائی میں ہلاک ہوا جب کہ دیگر دو شدید زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے پیر کو سات اکتوبر کو حماس کی کارروائی کے ایک سال پورے ہونے پر بتایا کہ سات اکتوبر کے حملے میں 380 اسرائیلی فوجی مارے گئے جب کہ غزہ کی لڑائی میں اب تک 346 مزید فوجی مارے گئے۔

اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ اتوار کی شب حزب اللہ کے راکٹ اسرائیلی فضائی دفاعی نظام سے گزر کر اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفہ میں گرے جس سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ اسرائیلی میڈیا نے حیفہ اور تبریاس شہر میں راکٹ حملوں میں 10 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

پیر کو علی الصبح وسطی اسرائیل میں راکٹ حملوں کے پیش نظر میں سائرن بجائے گئے۔

حزب اللہ نے کہا کہ اس نے حیفہ کے جنوب میں ایک فوجی مقام کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

ادھر اسرائیل نے بھی اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات میں شدید ترین بمباری کی جس سے علاقے میں آگ کے بڑے گولوں نے تاریک آسمان کو روشن کیا اور بیروت شدید دھماکوں سے گونج اٹھا۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے بیروت میں حزب اللہ کے انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز اور ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

فوج نے مزید کہا کہ حملوں میں جنوبی لبنان اور بیقا کے علاقے میں بھی حزب اللہ کو نشانہ بنایا گیا۔

ادھر غزہ سے حماس نے بھی گذشتہ سال سات اکتوبر کی کارروئی کا ایک سال پورا ہونے پر اسرائیل پر راکٹ داغے۔

خبر رساں ادارے ایے ایف پی کے مطابق کارروائی کے ایک سال پورے ہونے کے موقع پر فلسطین کے حامی مظاہرین نے یورپ کے بڑے دارالحکومتوں سے لے کر واشنگٹن اور جکارتہ سے استنبول اور رباط تک دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا۔

اسرائیل، جس کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد شمالی اسرائیل میں دسیوں ہزار شہریوں کی بحفاظت گھروں کو واپسی ہے، نے لبنان میں زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

اسرائیل نے جنگ بندی کے لیے امریکی دباؤ کو مسترد کر دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اتوار کو امریکی حکومت نے لبنان میں اسرائیل کی شدید بمباری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی دباؤ سفارت کاری کے لیے اہم سکتا ہے لیکن یہ غلط حساب کتاب کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے لبنان پر جارحانہ بمباری کے بعد کہا کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی ترسیل روک دی جائے گی جس کے جواب میں اسرائیل نے کہا کہ ایسا قدم ایران کے مقاصد کو پورا کرے گا۔

اسرائیلی فوج نے مزید حملوں سے قبل اتوار کی شب جنوبی  بیروت کے رہائشیوں کے لیے انخلا کے نئے احکامات جاری کیے۔

لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ وسطی لبنان کے پہاڑی قصبے کیفون میں ایک عمارت پر اسرائیلی حملے میں چھ افراد جان سے گئے اور 13 زخمی ہو گئے۔

ادھر غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اتوار کو پٹی میں کم از کم 26 افراد اس وقت جان سے گئے اور 93 دیگر زخمی ہوئے جب اسرائیلی فضائی حملوں نے ایک مسجد اور ایک سکول کو نشانہ بنایا جہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے ’حماس کے دہشت گردوں‘ پر حملے کیے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا