اسرائیل کے وزیردفاع یوآو گیلنٹ نے اتوار کے روز ایران کو خبردار کیا کہ اگر ایران نے اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے غزہ یا بیروت کی طرح کی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق گیلنٹ کا یہ بیان ایران کی جانب سے حالیہ میزائل حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اسرائیلی فضائیہ کے دو اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسرائیلی وزیردفاع نے کہا ’ایرانی حملوں نے اسرائیلی فضائیہ کی کسی صلاحیت کو نقصان نہیں پہنچایا – کوئی طیارہ متاثر نہیں ہوا، کوئی سکواڈرن بند نہیں ہوا۔‘
گیلنٹ نے مزید کہا، ’جو کوئی بھی یہ سمجھتا ہے کہ ہمیں نقصان پہنچانے کی معمولی کوشش ہمیں کارروائی سے روک سکتی ہے، اسے غزہ اور بیروت میں ہماری کامیابیوں پر نظر ڈالنی چاہیے۔‘
بیروت پر اسرائیل کے شدید فضائی حملے
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو علی الصبح اسرائیل نے بیروت کے جنوبی علاقوں پر شدید فضائی حملے کیے، جو گزشتہ ماہ حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں میں تیزی کے بعد سب سے بڑا حملہ تھا۔
مقامی میڈیا اور عینی شاہدین کے مطابق ان حملوں سے بیروت کے جنوبی علاقوں میں شدید تباہی ہوئی اور شہر کے اوپر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
حملوں کے دوران آدھے گھنٹے تک مسلسل دھماکوں کی آوازیں شہر میں سنائی دیتی رہیں اور یہ حملے کئی کلومیٹر دور سے دیکھے جا سکتے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
برج البراجنے کے علاقے کی رہائشی حنان عبداللہ نے (روئٹرز) کو بتایا، ’گزشتہ رات سب سے زیادہ تشدد والی تھی، عمارتیں لرز رہی تھیں اور میں نے پہلے یہ سمجھا کہ یہ زلزلہ ہے۔ درجنوں حملے ہوئے اور آوازیں انتہائی خوفناک تھیں۔‘
غزہ میں اسرائیلی حملے: 19 افراد جان سے گئے
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اتوار کو اسرائیلی فضائیہ کے ایک حملے میں غزہ کے مرکزی علاقے دیر البلح میں ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم 19 افراد جان سے گئے۔
فلسطینی حکام کے مطابق، مسجد میں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے کا ہدف عسکریت پسند تھے، تاہم اس کے ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک صحافی نے الاقصیٰ شہدا ہسپتال کے مردہ خانے میں لاشوں کو شمار کیا، جہاں ہسپتال کے ریکارڈ کے مطابق مرنے والے تمام افراد مرد تھے۔ علاوہ ازیں، ایک سکول پر بھی حملہ کیا گیا جہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے، اس حملے میں مزید چار افراد جان سے گئے۔