کراچی: پولیس کا ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ کی گرفتاری کا دعویٰ

سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق: ’گرفتار ملزم سے برآمد شدہ پاسپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ اس نے مختلف اوقات میں پاکستان سے نیپال کے راستے انڈیا کا سفر کیا۔ ملزم سے منوڑہ اور چائنا پورٹ کے نقشے بھی ملے۔‘

کراچی پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکار 8 اکتوبر 2024 کو انڈیا کے مبینہ خفیہ ایجنٹ کے ہمراہ موجود ہیں (کراچی پولیس)

سندھ پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے منگل کو کراچی میں انڈیا کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالاسس ونگ‎ یا ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق مبینہ انڈین جاسوس کی گرفتاری گذشتہ رات دیر گئے کراچی میں ماڑی پور کی مچھلی چورنگی کے قریب واقع ساحل ہوٹل سے کی گئی۔

بیان کے مطابق گرفتار ملزم کا نام محمد سلیم ولد محمد ہے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ محمد شعیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ہینڈ گرینڈ، اوان بم بمعہ لانچر، نائن ایم ایم پستول اور نقشے برآمد کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے علاوہ سپیشل انویسٹی گیشن کے اہلکاروں کو ملزم کے قبضے سے مختلف محکموں کے سروس کارڈز، مختلف ناموں سے حاصل کیے گئے پاسپورٹس، شناختی کارڈ اور دیگر کاغذات بھی ملے ہیں۔

بیان کے مطابق: ’گرفتار ملزم سے برآمد شدہ پاسپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم نے مختلف اوقات میں پاکستان سے نیپال کے راستے انڈیا کا سفر کیا۔ ملزم کے قبضے سے منوڑہ اور چائنا پورٹ کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔‘

سپیشل انویسٹی گیشن کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے بم، غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے اور پاکستان دشمنی کے شواہد ملنے پر ملزم کے خلاف سپیشل انویسٹی گیشن تھانے میں تین مختلف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

یہ مقدمے تعزیرات پاکستان کے ایکسپلوزو ایکٹ کی دفعہ چار اور پانچ، اسلحہ آرڈیننس کی دفعہ 23 کی شق ایک اور 121 اے اور 122 (پاکستان کے خلاف جنگ کرنے کی نیت سے اسلحہ رکھنا) کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

سندھ پولیس کی جانب سے گذشتہ سالوں میں کئی مرتبہ را یا انڈیا کے ایجنٹس گرفتار کرنے کے دعوے کیے جا چکے ہیں۔

2016 میں بلوچستان سے خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو بھی گرفتار ہوئے تھے، جن پر جاسوسی اور دیگر جرائم کے مقدمے بنے اور سزا بھی ملی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان