شردھا کپور کے لیے ’ستری ٹو‘ کتنی فائدہ مند رہی؟

شردھا کی خوش قسمتی ہے کہ جب انہیں ستری کی پیشکش ہوئی تو اس کہانی میں ہیروئن کے مستحکم کردار نے انہیں مجبور کیا کہ اس کا حصہ بنیں۔ شردھا کپور کا اندازہ درست ثابت ہوا کہ یہ فلم کچھ تہلکہ مچا سکتی ہے۔

بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور 24 جولائی 2024 کو ممبئی میں اپنی آنے والی ہندی زبان کی کامیڈی ہارر فلم ستری ٹو کے پہلے گانے کی لانچنگ میں شریک ہیں (سوجیت جیسوال / اے ایف پی)

ہر اداکار کی پیشہ ورانہ زندگی میں کم از کم دو مواقع ایسے آتے ہیں جب وہ گمنامی یا ناکامی کے گھپ اندھیروں سے باہر نکل سکتا ہے۔

اسے ملنے والی کوئی بھی فلم کی ایک پیشکش اسے پھر سے مقبولیت کی معراج پر پہنچا دیتی ہے۔ شردھا کپور کے ساتھ بھی کچھ ایسی ہی کہانی ہے۔ لگ بھگ 11 سال پہلے انہوں نے میوزیکل رومنٹک فلم عاشقی ٹو سے ہر ایک کی نیند چرائی، فلم کے مدھر اور رسیلے گیت اور شردھا کپور کی فطری اداکاری نے پرستاروں کی تعداد بڑھا دی، جس کے بعد ان پر فلموں کی بارش ہوگئی۔

سال بھر میں شردھا کپور کم از کم تین فلموں کی ہیروئن بن کر جلوہ گر ہوتی رہیں۔ اس عرصے میں انہوں نے ایک ولن، حیدر، اے بی سی ڈی ٹو، باغی، باغی تھری، بتی گل میڑ چالو اور تو جھوٹی میں مکار میں بھی کام کیا، لیکن وہ بھی دیگر اداکاراؤں کی طرح ان فلموں میں رومانی، جذباتی مناظر، گانوں اور رقص تک محدود ہو کر رہ گئیں۔

حالانکہ انہوں نے ’حسینہ پارکر‘ میں چونکا دینے والا کردار بھی نبھایا، لیکن اس کے باوجود وہ دیگر فلموں میں اپنی موجودگی کا احساس دلانے میں ناکام رہیں۔ رہی سہی کسر نوخیز اور کم عمر اداکاراؤں نے پوری کردی جن کے مقابلے میں شردھا کپور عمر رسیدہ ہی نظر آئیں۔

بالی وڈ کی سب سے زیادہ کمائی والی فلم

رواں سال جب ہدایتکار امر کوشک نے 2018 کی اپنی فلم ستری کا سیکوئل شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی سٹار کاسٹ کے ساتھ پھر دہرایا تو خود ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا کہ یہ تخلیق کامیابی اور کمائی کے وہ ریکارڈ پاش پاش کر دے گی جو بس خواب ہی ہوں، کیونکہ ستری کے پہلے حصے نے کاروبار تو کیا تھا، لیکن ایسا بھی نہیں تھا کہ اسے بہترین قرار دیا جائے۔

بہرحال، اگست میں نمائش پذیر ہونے والی ’ستری ٹو‘ کی کامیابی کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ سنیما گھروں کی زینت بنے اس فلم کو کم و بیش ڈھائی ماہ گزرا، لیکن اس کے باوجود ہر سنیما گھر میں ہاؤس فل کا بورڈ لگا ہوتا ہے۔

یہی نہیں، ہارر کامیڈی فلم ستری کا سیکوئل 600 کروڑ روپے کی کمائی کرنے کے بعد بھارتی باکس آفس کی تاریخ میں پہلی ہندی فلم بن گئی ہے۔ فلم پہلے ہی بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی ’جوان‘ کے ہندی وژن کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔

بالی وڈ فلم ’ستری ٹو‘ کی کامیابی کا راز

شردھا کپور، راج کمار راؤ اور پنکج تیواری کی اس ہنستی مسکراتی ڈراؤنی فلم میں آپ کو خوف اور ہنسی کا دلچسپ امتزاج ملے گا۔ یہ تخلیق جہاں آپ کو ڈرائے گی، وہیں کئی ایسے مزاحیہ مناظر بھی ہیں جو آپ کو لوٹ پوٹ کردیں گے۔ ہدایتکار امر کوشک نے اس فلم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر تڑکا لگانے کا ارادہ کیا تھا، جبھی فلم میں آپ کو اکشے کمار اور ورن دھوان تک بطور مہمان اداکار پردہ سیمیں پر نظر آئیں گے، وہیں فلم کے آئٹم نمبر ’آج کی رات‘ تو تمنا بھاٹیہ کی وجہ سے ہر ایک کا موضوع بحث بنا، جس میں تمنا بھاٹیہ کے ہوشربا رقص اور ہیجان خیز انداز نے ہر ایک کے دل کو تڑپا دیا۔ ان سب کے باوجود شردھا کپور کی اداکاری کا معیار کسی بھی منظر میں کمزور نہیں پڑا۔

شردھا کپور نے یہ باور کرانے کی بھرپور کوشش کی کہ وہ جہاں ہر فن مولا اداکار والد شکتی کپور کی باصلاحیت صاحب زادی ہیں، وہیں وہ عمر کی کئی دہلیز پار تو کرچکی ہیں، لیکن اداکاری میں اب بھی نوخیز اداکاراؤں سے کہیں بہتر مقام پر ہیں۔ لیکن یہ بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ 14 سال فلم نگری میں کام کرنے کے باوجود شردھا کپور سب سے مستند ایوارڈ یعنی فلم فئیر ایوارڈ حاصل کرنے میں اب تک ناکام رہی ہیں۔

شردھا کپور نے ستری کیوں قبول کی؟

ایک انٹرویو میں شردھا کپور نے اس بات کا ضرور شکوہ کیا کہ ان دنوں فلمیں مرد اداکاروں کے گرد گھومتی کہانیوں پر بن رہی ہیں۔ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ جب انہیں ستری کی پیشکش ہوئی تو اس کہانی میں ہیروئن کے متوازن اور مستحکم کردار نے انہیں مجبور کیا کہ اس کا حصہ بنیں۔ دیکھا جائے تو شردھا کپور کا اندازہ درست ثابت ہوا کہ یہ فلم کچھ تہلکہ مچا سکتی ہے۔

شردھا کپور کا ایک نیا دور

جس طرح 2013 میں فلم عاشقی ٹو کے بعد شردھا کپور ہی چھائی ہوئی تھیں، اس وقت بھی کچھ ایسی ہی صورتحال ہے، لیکن اب انہوں نے دھڑا دھڑ فلمیں حاصل کرنے کے بجائے انہی فلموں کو قبول کیا ہے جن میں ان کا کردار بھرپور اور متوازن ہو۔ فلم ستری ٹو میں کام کرنے کے بعد ان کے معاوضے میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس وقت وہ کسی بھی فلم میں کام کرنے کا پچیس سے تیس کروڑ روپے معاوضہ طلب کر رہی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہی نہیں، اپنی حالیہ کامیڈی فلم سے ان کو یہ فائدہ ہوا ہے کہ ویرات کوہلی اور پریانکا چوپڑہ کے بعد وہ سوشل میڈیا ایپلیکیشن انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالورز رکھنے والی تیسری بھارتی شخصیت ہیں۔ شردھا کپور تو اپنی مقبولیت اور شہرت سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی تک پر بازی لے گئی ہیں۔

رواں سال مارچ میں عمر کی سینتیس بہاریں دیکھنے والی شردھا کپور کی پذیرائی کا اندازہ یوں بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کسی بھی مصنوع کی تشہیر یا برانڈ ایمبیسڈر بننے کے لیے تین سے پانچ کروڑ روپے وصول کرتی ہیں، اور یہ اضافہ بھی ستری ٹو کی وجہ سے ہی ہوا ہے۔

شردھا کپور کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ بالی وڈ کے ہر ہیرو کے ساتھ اپنی اداکاری کے جلوے لٹا چکی ہیں لیکن ان کے چاہنے والے انہیں شاہ رخ خان یا سلمان خان کے ساتھ اداکاری کرتا دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

شردھا کپور کی خاص بات یہ بھی رہی ہے کہ وہ رقص کے شعبے میں ہم عصر اداکاراؤں سے ممتاز تسلیم کی جاتی ہیں، جبھی تو رقص کے موضوع پر مبنی فلموں اے بی سی ڈی ٹو، راک آن ٹو اور سٹریٹ ڈانسر تھری ڈی میں شردھا کپور نے رقص کے دلفریب اور حسین انداز دکھائے۔

اس وقت شردھا کپور جن فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں ان میں نو انٹری، کٹنا، چال باز ان لندن اور ناگن نمایاں ہیں۔ یہ تمام وہ فلمیں ہیں جن میں شردھا کپور کا کردار خاصا متاثر کن ہے۔ شردھا کپور یہ ثابت کرنے کی جستجو میں ہیں کہ ان کی اداکاری میں واقعی دم خم ہے، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ستری ٹو کی کامیابی اتفاقی نہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ