دسمبر میں ورلڈ ٹائٹل کے لیے فائٹ کروں گا: پاکستانی باکسر محمد وسیم

پاکستانی باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ اس سال دسمبر کے آخر میں وہ ورلڈ ٹائٹل کے حصول کے لیے فائٹ کریں گے۔

مالٹا میں منعقدہ ورلڈ باکسنگ فیڈریشن (ڈبلیو بی ایف) کی رینکنگ فائٹ میں جارجیا کے باکسر کو شکست دینے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ دسمبر میں وہ ورلڈ ٹائٹل کے لیے فائٹ کریں گے۔

چار اکتوبر کو مالٹا میں ہونے والے مقابلے میں جارجیا کے جابا میمیشیشی کو محمد وسیم نے تیسرے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کیا تھا۔ محمد وسیم پیشہ ورانہ سفر میں 15 مقابلوں سے 13 مقابلے جیت چکے ہیں۔

مالٹا سے واپسی پر انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے باکسر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’کافی ٹف ٹائم کے بعد الحمدللہ کافی اچھا کم بیک ہوا اور چار اکتوبر کو مالٹا میں کامیابی حاصل کی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب کچھ پاکستانیوں کی دعاؤں سے ہوا ہے اور میں آج تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آئندہ بھی اسی طرح پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کروں گا اور پاکستان کے لیے اور بڑے بڑے ٹائٹل جیتوں گا۔‘

مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’لیور پول میں شفٹ ہونے کے باعث میں اپنا کیمپ نہیں کر سکا جو باقاعدہ میں کیمپ کرتا ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ویزا کے حصول میں مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پاکستانی باکسر کا کہنا تھا کہ ’ڈنمارک اور اٹلی کا ویزا حاصل کرنے کی کوشش میں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑا جو بعد ازاں کچھ لوگوں کی مدد سے ویزے کا حصول ممکن ہو سکا۔‘

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’اکثر کھلاڑی جو ایک ٹورنامنٹ کے بعد ہی بیرون ملک جاتے ہیں اور وہ واپس نہیں آتے تو ایسی صورت میں دیگر لوگوں کے لیے ویزے کے حصول میں دشواری ہوتی ہے۔‘

محمد وسیم نے بتایا کہ ’جب مجھے بھی ویزا جاری کیا گیا تو کہا گیا واپس آ جانا جبکہ میرے پاسپورٹس پر 54،55 سے زائد ویزے لگے ہوئے ہیں۔‘

انکا کہنا تھا کہ ’قونصل خانوں کو بھی دیکھنا چاہیے کہ سب ایک جسے نہیں ہوتے۔‘

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ جو باقاعدہ انٹرنیشنل لیول پر جو اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں وہ لازمی کھیل کر واپس ہی آتے ہیں۔

محمد وسیم نے بتایا کہ ’میں کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز ورلڈ گیمز کا گولڈ میڈلسٹ ہوں اور میرے پاس باکسنگ میں صرف 13 سے 14 انٹرنیشنل میڈلز ہیں جبکہ نیشنل گولڈ میڈلسٹ بھی ہوں۔

’میں نے مالٹا میں فائٹ کی اور صرف مالٹا میں دو دن رہا اور واپس انگلینڈ چلا گیا۔‘

مالٹا میں ہونے والی فائٹ سے متعلق محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے خوش ہوں۔

 انہوں نےبتایا کہ ’وزن کے دن تک فائٹ یقینی نہیں تھی اور آخری  دن تک مجھے فائٹ کا پتہ نہیں تھا کہ فائٹ کس کے ساتھ ہے۔‘

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’بڑے مسائل تھے اور بڑی پریشانیاں تھیں لیکن الحمدللہ اتنے عرصے کے بعد بڑا اچھا کم بیک کیا تو یہ میرے لیے ایک بڑی بات ہے۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’اپنی آنے والی فائٹس ہیں اس کے لیے جو ہے اور محنت کرنی ہوگی اور انشااللہ جو ہماری بات چل رہی ہے پروموشن کے ساتھ، اس کے مطابق ورلڈ ٹائٹل فائٹ کروں گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل