بم کی دھمکی: سنگاپور کے لڑاکا طیاروں کی ایئر انڈین جہاز کی حفاظت

انڈین میڈیا کے مطابق رواں ہفتے پیر سے منگل تک 48 گھنٹوں کے دوران کم از کم 10 پروازوں کو ای میل اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوچکی ہیں۔

18 جنوری 2024 کو حیدرآباد کے بیگم پیٹ ہوائی اڈے پر ایک نمائش کے دوران ایئر انڈیا ایکسپریس کا بوئنگ 737-8 طیارہ دیکھا جا سکتا ہے (نوح سلیم / اے ایف پی)

اس ہفتے انڈیا سے سینکڑوں افراد کے فضائی سفر میں خلل ڈالنے والا تازہ ترین واقعہ یہ ہوا کہ چانگی ایئرپورٹ کی طرف جانے والے ایئر انڈیا ایکسپریس کے طیارے کو بم کی دھمکی ملنے کے بعد سنگاپور فوج کے دو لڑاکا طیاروں نے اس کی حفاظت کی۔ 

سنگاپور کے وزیر دفاع اینگ ہیو نے کہا کہ انڈیا کے جنوب میں مدورائی ایئرپورٹ سے اڑنے والے مسافر طیارے کو دھمکی پر مشتمل ایک ای میل منگل کو ایئر انڈیا ایکسپریس کو بھیجی گئی تھی۔  

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے دو ایف 15 ایس جیز طیارے اس جہاز کو بحفاظت زیادہ آبادی والے علاقوں سے دور لے گئے اور بالآخر آج رات تقریباً 10 بجکر چار منٹ پر سنگاپور چانگی ہوائی اڈے پر اسے بحفاظت لینڈ کروایا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے زمین پر نصب فضائی دفاعی نظام اور دھماکہ خیز مواد تلف کرنے والی ٹیم کو بھی فعال کر دیا گیا تھا۔ زمین پر اترنے کے بعد طیارے کو ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔‘

وزیر دفاع اینگ ہیو نے کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

پروازوں کو ٹریک کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار24 کے مطابق ایئر انڈین ایکسپریس کا طیارہ مدورائی ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ایک بجکر 54 منٹ پر اڑا اور اسی رات تقریباً آٹھ بجکر 50 منٹ پر اسے سنگاپور میں لینڈ کرنا تھا۔ تاہم یہ طیارہ ایک گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر سے رات 10 بجکر چار منٹ پر اترا۔

سنگاپور کی پولیس نے بتایا کہ اسے پرواز کے اڑان بھرنے کے تقریباً تین گھنٹے بعد مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجکر 25 منٹ پر بم کے خطرے کے متعلق الرٹ کیا گیا۔

لیکن طیارے کے اترنے اور تلاشی لینے پر ’کوئی دھمکی آمیز اشیا نہیں ملیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس نے کہا کہ ’پولیس سکیورٹی سے متعلق خطرات کو سنجیدگی سے لیتی ہے اور جان بوجھ کر عوام کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گی۔‘

یہ اس ہفتے انڈیا سے آنے والی تازہ ترین پرواز تھی، جسے بم کی دھمکی ملی۔ 

انڈین میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پیر سے منگل تک 48 گھنٹوں کے دوران کم از کم 10 پروازوں کو ای میل اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئیں۔

ان میں سے ایک ایئر انڈیا کی دہلی سے شکاگو جانے والی پرواز کینیڈا کے دور دراز ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوئی۔

211 مسافروں کے ساتھ فلائٹ AI127 کو ایکا لویئٹ ایئرپورٹ کی طرف موڑنا پڑا اور منگل کو شکاگو کے لیے روانہ ہونے سے قبل اس کی سکیورٹی چیکنگ کی گئی۔ 

اس سے ایک دن قبل ممبئی سے نیویارک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو 239 مسافروں کے ساتھ دہلی میں ہنگامی لینڈنگ کے لیے موڑا گیا تھا۔

 

ایئر انڈیا نے دی انڈپینڈنٹ کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فوری طور پر جواب نہیں دیا، تاہم ایئر لائن نے سوشل میڈیا پر کہا کہ شکاگو جانے والی اس کی ایک اور پرواز آن لائن پوسٹ کیے گئے سکیورٹی خطرے کے بعد منگل کو احتیاطی اقدام کے طور پر کینیڈا میں اتری تھی۔

مزید کہا گیا: ’ایئر انڈیا نوٹ کرتی ہے کہ اسے اور دیگر مقامی ایئر لائنز کو حالیہ دنوں میں کئی خطرات درپیش رہے۔

’اگرچہ بعد ازاں یہ تمام دھوکہ ثابت ہوئے لیکن ایک ذمہ دار ایئر لائن کی حیثیت سے تمام دھمکیوں کو سنجیدہ لیا گیا۔‘

ایئر انڈیا کی ذیلی کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا