کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے 2023-24 کے دوران پاکستان کے انتہائی پسماندہ اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی تقسیم مکمل کر لی ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق پناہ اور خوراک کے طور پر اور سردیوں میں استعمال ہونے والی اشیا کی 50 ہزار کٹس تقسیم کرنے کا پروجیکٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق منصوبہ ستمبر 2023 سے اکتوبر 2024 کے دوران چار مرحلوں میں مکمل کیا گیا، جس کا ہدف پاکستان میں شدید بارشوں، سیلاب اور برف باری سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 44 اضلاع کے رہنے والے لوگ تھے۔
اس مہم کے دوران کنگ سلمان ریلیف نے 25، 25 ہزار شیلٹر اور ونٹر کٹس تقسیم کیں، تاکہ لوگ سرد موسم کے سخت حالات کا مقابلہ کر سکیں اور آفات کے بعد اپنی زندگی کو دوبارہ معمول پر لا سکیں۔
کنگ سلمان ریلیف نے اس پروجیکٹ میں قومی و صوبائی حکومتوں کے اداروں، بشمول نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور محکمہ ریلیف بحالی و آبادکاری کے ساتھ قریبی تعاون کیا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ’اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے اداروں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس امدادی کام کو مؤثر اور منظم انداز میں انجام تک پہنچایا گیا۔
’یہ منصوبہ قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں تین لاکھ 50 ہزار سے زیادہ افراد کو ضروری امداد فراہم کرتے ہوئے لوگوں کی زندگیوں کو بحال کرنے اور استحکام لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔‘
بیان میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت پاکستان کے انتہائی پسماندہ اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کو ضروری امداد فراہم کی گئی۔
یہ منصوبہ کنگ سلمان ریلیف کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے جواب میں انسانیت کی خدمت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔