امریکی صدارتی انتخاب: پولنگ جاری، ٹرمپ اور کملا کے درمیان سخت مقابلہ

صدارتی انتخاب کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہے۔

5 نومبر 2024 کو میکلنبرگ کاؤنٹی کے اندر واقع شمالی کیرولینا کے شارلٹ میں، الیکشن کے دن گریٹر گیلی بیپٹسٹ چرچ کے پولنگ سٹیشن کے باہر ووٹ ڈالنے کے لیے لوگ قطار میں کھڑے ہیں (اے ایف پی)

امریکہ میں آج صدارتی انتخابات کے لیے کئی مشرقی اور وسطی ریاستوں میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے جہاں امریکی شہری اپنے اگلے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈال رہے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق مشرقی ساحل پر واقع ریاستوں میں مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے پولنگ کا آغاز ہو گیا جہاں لوگوں کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے پولنگ سٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں۔

سی این این کے مطابق ملک کی وسطی ریاستوں ایریزونا، آئیووا اور لوزیانا میں بھی پولنگ کا آغاز ہو گیا جب کہ مینیسوٹا کی میونسپلٹیز میں صبح 11 بجے پولنگ کا آغاز ہو گا۔

جنوبی ڈکوٹا میں مشرقی ٹائم زون کے لحاظ سے صبح چھ بجے جب کہ شمالی ڈکوٹا، اوکلاہوما اور ٹیکسیس میں صبح آٹھ بجے پولنگ کا آغاز ہوا۔

شمالی کیرولائنا کے علاقے ولیمنگٹن میں پولنگ سٹیشنز کے باہر لوگ لمبی قطاروں میں اپنا ووٹ ڈالنے کا انتظار کر رہے ہیں جہاں مشرقی ٹائم زون کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے پولنگ شروع ہوئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

واضح رہے کہ قبل از وقت پولنگ میں آٹھ کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ لوگ پہلے ہی اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔

2022 میں امریکہ میں 16 کروڑ سے زیادہ ووٹرز رجسٹر تھے۔

انتخابی مہم کے اختتامی مراحل پر دونوں بڑی جماعتوں کے امیدواروں نے اپنی جیت کی پیش گوئی کی ہے۔

اس انتخابی مہم میں کئی اہم موڑ آئے جن میں رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو جان سے مارنے کی دو کوششیں اور ڈیموکریٹک نائب صدر ہیرس کا اچانک صدارتی امیدوار بننا شامل ہے، کیونکہ اپنی ہی جماعت کے دباؤ میں آکر 81 سالہ صدر جو بائیڈن دوبارہ انتخاب لڑنے سے دست بردار ہو گئے تھے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک تجزیاتی فرم ایڈ امپیکٹ کے حوالے سے بتایا کہ مارچ سے اب تک رائے دہندگان کی ذہن سازی کے لیے 2.6 ارب ڈالر سے زیادہ خرچ کیے جا چکے ہیں۔

تاہم رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق 78 سالہ ٹرمپ اور 60 سالہ ہیرس عملی طور پر برابر ہیں۔

منگل کو ہونے والی ووٹنگ کے بعد حتمی نتائج آنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں، تاہم ٹرمپ پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ شکست کی صورت میں اسے چیلنج کرنے کی کوشش کریں گے، جیسا کہ انہوں نے 2020 میں کیا تھا۔

دونوں امیدوار پیر کو پنسلوانیا میں تھے اور انہوں نے اپنے ان حامیوں کو الیکشن والے دن حق رائے دہی استعمال کرنے کا کہا جنہوں نے ابھی تک اپنا ووٹ نہیں ڈالا۔

الیکٹورل کالج میں ووٹوں کا سب سے بڑا حصہ اس ریاست کا ہے۔ یہ ان سات ریاستوں میں سے ایک ہے جن کے متعلق توقع ہے وہ حتمی نتائج کا تعین کریں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ