وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو صنعتوں، کمرشل اور گھریلو صارفین کے لیے دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک بجلی کے اضافی استعمال پر ’بجلی سہولت پیکج‘ دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت بجلی کے نرخوں میں کمی ہوگی۔
اسلام آباد میں یوم اقبال کی مناسبت سے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا: ’حکومت نے سردیوں کے تین ماہ یعنی دسمبر، جنوری اور فروری میں بجلی کے اضافی استعمال پر ’بجلی سہولت پیکج‘ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جا رہی ہے۔‘
پیکج کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس کا اطلاق اس سال دسمبر سے فروری 2025 کے بلوں میں ہوگا اور یہ پیکج پورے پاکستان کے لیے ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس پیکج کے تحت گھریلو صافین کے لیے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے سات پیسے فی یونٹ ہوگا، یعنی گھریلو صارفین کو ان تین مہینوں میں مختلف سلیبس کے تحت 11 روپے 42 پیسے سے 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صنعتوں کے حوالے سے وزیراعظم نے بتایا کہ انہیں پانچ روپے 72 پیسے سے لے کر 15 روپے فی یونٹ بچت ہوگی، اس طرح صنعت کا پہیہ تیزی سے رواں دواں ہوگا اور لوگوں کو مزید روزگار ملے گا۔
بقول وزیراعظم: ’مجموعی طور پر صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں 18 سے 37 فیصد تک بچت ہوگی۔‘
انہوں نے بتایا کہ کمرشل صارفین کو 13 روپے 46 پیسے سے لے کر 22 روپے فی یونٹ تک بچت ہوگی، یعنی مجموعی طور انہیں اضافی بجلی کے استعمال پر 34 سے 47 فیصد تک بچت ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’اس سے پورے پاکستان میں بجلی کی لاگت میں کمی سے صنعت کا پہیہ تیز ہوگا، زراعت ہری بھری ہوگی، کاروبار اور برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی، پیداوار میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا: ’یہ تین مہینوں کا سردیوں کا پیکج ہے، اس سے انشااللہ پاکستان کی ترقی کو بہت بڑا کوانٹم جمپ ملے گا۔‘
انہوں نے اس پیکج پر کام کرنے کے حوالے سے وزیر توانائی، وزیر خزانہ، وزیر پیٹرولیم اور پلاننگ کمیشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔