آج کل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک چوکور ڈیزائن کے سامنے کچھ فیشن ماڈلز کو دکھایا گیا ہے اور ایک کنسرٹ کے کچھ سین دکھائے گئے ہیں۔
اس ویڈیو پر بہت سے لوگ تنقید کر رہے ہیں، اور کہا جا رہا ہے کہ مکعب ڈیزائن خانۂ کعبہ سے ملتا جلتا ہے۔ مگر کیا یہ درست ہے؟
حقیقت یہ ہے کہ یہ ویڈیو جعلی ہے اور اسے دو ویڈیوز کو جوڑ کر بنایا گیا ہے۔ پہلی ویڈیو 2023 میں ہونے والے کشتی کے ایک میچ سے پہلے ہونے والی افتتاحی تقریب کی ہے۔ اسی ویڈیو میں 2024 میں ریاض فیشن سیزن کی ویڈیو کے کچھ سین جوڑ کر یہ تاثر دیا گیا ہے کہ کعبہ کے ماڈل کے سامنے کنسرٹ ہو رہا ہے۔
مصر کے شہر قاہرہ میں مقیم محقق محمد بن جماعہ نے سات نکات کی مدد سے اس تمام معاملے کی حقیقت واضح کی ہے۔
- ریاض کا ایونٹ لبنانی فیشن ڈیزائنر ایلی صعب کے فیشن شو پر مشتمل تھا۔ شو میں پیش کیے گئے ملبوسات کی تحریک روایتی عرب داستان الف لیلہ و لیلہ (ایک ہزار ایک راتیں) سے لی گئی تھی۔ اس تقریب میں کئی مشہور گلوکاراؤں نے شرکت کی، جن میں جینیفر لوپیز، سیلین ڈیون، کیمیلا کابیلو، اور اداکارہ ہیل بیری شامل تھیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
- جینیفر لوپیز نے اسی لباس میں شرکت کی جو وہ حالیہ بین الاقوامی شوز میں پہنتی رہی ہیں، کیونکہ وہ ایلی صعب کا ڈیزائن تھا۔ اس موقعے کے لیے کوئی خاص برہنگی نہیں تھی اور لوپیز وہی لباس پہن رہی تھیں جو وہ اپنے دیگر شوز میں پہنتی ہیں۔
- یوٹیوب پر پورا ایونٹ (تقریباً دو گھنٹے) براہ راست نشر کیا گیا، اور اس میں خانہ کعبہ سے متعلق کوئی تصویر نہیں ہے، نہ قریب سے اور نہ ہی دور سے۔
- خانہ کعبہ کے جو کلپ ایڈٹ کر کے اس ویڈیو کے اندر شامل کیے گئے وہ 2023 میں ہونے والے ایک باکسنگ میچ کی تقریب کی افتتاحی تقریب کے ہیں۔ اس تقریب میں سٹیج پر چار سکرینیں معلق کی گئی تھیں جن پر مختلف زاویوں سے میچ دکھایا جا رہا تھا۔ ان تصاویر کو فوٹو شاپ کے ذریعے خانہ کعبہ جیسا بنایا گیا۔
- مجسمے اور بت فوٹو شاپ کے ذریعے شامل کیے گئے۔
- وہ تصویر جس میں ایک ماڈل کاغذی تلوار کے ساتھ دکھائی گئی ہے، وہ نیویارک میں کئی برس پہلے ہونے والے ایک فیشن شو سے لی گئی ہے اور اس کا سعودی عرب سے کوئی تعلق نہیں۔
- قرآن کی آیات کے ساتھ میٹل گانے کی ویڈیو بھی جعلی ہے۔ یہ ویڈیو 2014 میں امریکہ کے ایک میوزک کنسرٹ سے لی گئی ہے، جس کا قرآن یا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ویڈیو کے ساتھ قرآن کی آیات کا آڈیو شامل کر کے اسے بھی ایڈٹ کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے توجہ دلائی گئی ہے کہ یہ فیک ویڈیو ہے۔ منظر چوہدری نامی ایک صارف نے فیس بک پر لکھا: ’سوشل میڈیا پر ایک تصویر گردش میں ہے جس میں ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شو میں اس طرح کا سٹیج بنایا گیا ہے کہ اس کی مشابہت خانہ کعبہ سے ہوتی ہے اگر آپ شو کی ویڈیو دیکھیں تو آپ کو ایسا کوئی منظر نظر نہیں آئے گا۔‘