پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میچ میں دس دکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔
بلوایو میں منگل کو کھیلے گیے میچ میں پاکستان نے پہلے تو زمبابوے کو اس کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے کم ترین سکور پر آؤٹ کیا اور پھر مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے صرف چھٹے اوور میں ہی حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم سٹار بولر رہے جنہوں نے صرف تین رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں جبکہ ہدف کے تعاقب میں صائم ایوب 36 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔
زمبابوے نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز نے 37 رنز کا قدرے بہتر آغاز فراہم کیا۔
مگر ابتدایی دو وکٹیں گرنے کے بعد میزبان ٹیم کا کوئی بھی بلے باز کریز پر ٹک نہ سکا جس کی سب سے بڑی وجہ نوجوان بولر سفیان مقیم تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سفیان مقیم نے کل دو اوور اور چار گیندوں پھینکیں جن پر انہوں نے صرف تین رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ زمبابوے کے 37 رنز پر صرف دو کھلاڑی آؤٹ تھے مگر سفیان مقیم کے آتے ہی زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف پاوور پلے میں ہی بنا کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 36 اور عمیر یوسف نے ناٹ آؤٹ 22 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم کے علاوہ عباس آفریدی نے دو اور ابرار احمد، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔