ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے مین سٹریم الیکٹرونک میڈیا پر فن مزاح کے جوہر دکھانے والے تابش ہاشمی اپنی کامیڈی میں کراچی کا تڑکا لگانے کے لیے مشہور ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیریئر میں کامیڈی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ناشپاتی پرائم‘ پر ’ٹی بی ایچ‘ کے نام سے شو کا آغاز کرنے والے تابش ہاشمی شہرت ملنے کے بعد نجی چینل جیو نیوز پر ’ہنسنا منع ہے‘ کے نام سے مزاحیہ شو میں بطور میزبان کام کر رہے ہیں۔
اس مرتبہ کراچی میں عالمی اردو کانفرنس کے موقعے پر انڈیپینڈنٹ اردو کے قارئین کے لیے ان سے گفتگو ہوئی۔
اپنی گفتگو میں تابش ہاشمی نے بتایا کہ انہیں اداکاری کا شوق ہے اور جب گلوکار اداکاری کر سکتے ہیں اور اداکار گلوکاری کرسکتے ہیں تو پھر وہ بھی یہ کرسکتے ہیں۔
بقول تابش: ’آج تو پروگرام کے میزبان بھی ڈرامے لکھ رہے ہیں۔ مجھے کئی جگہ سے اداکاری پیشکش ہوئی ہے لیکن کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے نہیں کر سکا ہوں، مگر 2025 میں ارادہ ہے کہ اداکاری ضرور کروں گا اور یہ ارادہ بنا لیا ہے۔‘
اپنے کیریئر کے آغاز کے بارے میں تابش نے بتایا کہ وہ کرونا کی عالمی وبا سے پہلے سب کچھ چھوڑ کر کینیڈا چلے گئے تھے۔ ’آپ کو پتہ ہے سوشل میڈیا کا جو میرا شو تھا، وہ میں ریکارڈ کرکے کینیڈا گیا تھا اور وہاں جا کر وہ ریلیز ہی نہیں ہوا، کیونکہ جنہوں نے ریکارڈ کیا تھا، وہ سمجھے کہ یہ چلے گا نہیں تو انہوں نے اسے شیلف کر دیا تھا۔
’پھر کرونا کے دوران چونکہ کچھ تھا نہیں تو وہ شو چلایا گیا اور وہ مقبول ہوگیا، یہ میری قسمت تھی۔ اس کا اگلا مرحلہ یہ تھا کہ میں سوشل میڈیا سے نکلوں اور مین سٹریم میڈیا پر جاؤں، جب مجھے یہ آفر ہوئی تو میں نے سوچا کہ یہ موقع زندگی میں ایک ہی بار ملتا ہے، نیشنل ٹیلی ویژن پر پرائم ٹائم شو کرنا، اب ہم ایک نئے گیم شو کا آغاز کر رہے ہیں اور یہ دیگر ایسے شوز سے مکمل طور پر مختلف ہوگا۔‘
تابش نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر دیکھنے والوں کی تعداد بہرحال محدود ہے، جبکہ الیکٹرونک میڈیا پر آنے سے یہ ہوتا ہے کہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا شخص آپ کو جاننے لگ جاتا ہے۔
انہوں نے اپنے اوپر لگنے والے اس الزام کہ وہ کپل شرما شو سے متاثر ہیں، کے بارے میں کہا کہ ٹی وی پر آںے سے پہلے ہی ٹی وی والوں نے پوری ٹیم اور سیٹ وغیرہ سب تیار کیا ہوا تھا، وہ خود بعد میں آئے تھے۔
’شروع میں بالکل لگتا تھا لوگوں کو کہ یہ کپل شرما شو ہے، وہ ایک فارمیٹ ہے، مگر پھر تین مہینے بعد جب میں نے یہ ثابت کر دیا کہ میں وہ کرنا چاہتا ہوں جو مجھے اچھا لگتا ہے تو ٹی وی والوں نے سب بدل دیا۔ پورا فارمیٹ چینج کر دیا اور جس فارمیٹ میں آج میں شو کرتا ہوں اب وہ کاپی ہوتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تابش نے کہا کہ پاکستانی اداکاروں کا مسئلہ یہ نہیں ہے کہ وہ کھل کر بات نہیں کرنا چاہتے، دراصل وہ سب سوشل میڈیا سے ڈرتے ہیں اور وہ خود بھی اسی کا شکار ہیں۔
’ایسا نہیں ہے کہ مجھے یہ ڈر لگتا ہے کوئی اندر سکرین سے نکل کے مارے گا، مگر پورا دن خراب ہو جاتا ہے۔‘
تابش نے اس تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کی کہ کچھ بڑے نام کم پیسوں کی وجہ سے شو پر نہیں آئے۔
اداکار فواد خان کے بارے میں انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ وہ کافی سنجیدہ آدمی ہیں اور وہ شو میں چلبلے اور شوخ مہمان پسند کرتے ہیں۔ بقول تابش: ’شو میں کوئی مہمان بڑا چھوٹا نہیں ہوتا، بس کوشش یہ ہے کہ شو بہترین بن جائے۔‘
گیم شو شروع کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا گیم شو بہت ہی مختلف نوعیت کا ہو گا۔
’میں بچپن ہی سے کوئز شو کرنا چاہتا تھا تو یہ اس قسم کا ہو گا، یہ کون بنے گا کروڑ پتی یا نیلام گھر کی طرح نہیں ہوگا البتہ علم کی بنیاد پر بنایا گیا شو ہو گا۔‘
تابش نے بتایا کہ اس گیم شو کے ساتھ ساتھ وہ ایک دوسرے گیم شو پر بھی کام کر رہے ہیں کیونکہ ان دنوں مقابلہ اتنا سخت ہوچکا ہے کہ ہر روز نت نئے خیالات کو سامنے لانا ہوتا ہے۔
اپنا شو نیوز چینل پر کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ نیوز چینل نے ہی انہیں پیشکش کی تھی۔
اپنے شو کو لاہور تک محدود کرنے اور کراچی سے دور رہنے کی شکایت پر تابش کا کہنا تھا کہ یہ بالکل ایک جائز شکایت ہے اور اسی لیے وہ اب اپنا شو کراچی بھی لا رہے ہیں اور 2025 میں ان کا ایک سیزن کراچی میں ہو گا۔
کراچی کے مزاح کو لاہور میں اپنانے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ کراچی کا مزاح لاہور میں نہیں کیا جا سکتا۔