کراچی کتب میلہ: ’نوجوانوں میں کتب بینی بڑھ رہی ہے‘

انٹرنیٹ کے اس جدید دور میں عام تاثر ہے کہ لوگوں خصوصاً نوجوانوں میں کتب بینی کا شوق ختم ہو گیا ہے، لیکن کراچی ایکسپو سینٹر میں 12 دسمبر سے سجنے والا کتب میلہ کچھ الگ ہی کہانی سنا رہا ہے۔

انٹرنیٹ کے اس جدید دور میں عام تاثر ہے کہ لوگوں خصوصاً نوجوانوں میں کتب بینی کا شوق ختم ہو گیا ہے، لیکن کراچی ایکسپو سینٹر میں 12 دسمبر سے سجنے والا کتب میلہ کچھ الگ ہی کہانی سنا رہا ہے۔

 کتب میلے میں سٹالز لگانے والوں کے مطابق نوجوانوں میں کتاب پڑھنے کے شوق میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اس بات کی تصدیق میلے میں آنے والے نوجوانوں کے جم غفیر کو دیکھ کر کی جا سکتی ہے۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں 12 دسمبر سے 16 دسمبر تک لگنے والے 19ویں کراچی انٹرنیشنل بک فیئر میں مقامی اور غیر ملکی پبلشرز کے 325 سٹالز لگائے گئے ہیں۔

پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 2005 سے ہر سال مسلسل منعقد ہونے والے اس کتب میلے کو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی میلہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پانچ روزہ کتب میلے میں لگائے گئے بک سٹالز پر دینی کتابوں، بچوں کے ادب، شاعری اور فکشن سمیت کئی اقسام کے کتابیں رکھی گئی ہیں۔  

میلے میں دیگر کئی سٹالز کے ساتھ کراچی کے چلڈرن پبلی کیشن کے سٹال پر 7500 کتابیں رکھی ہیں۔  

چلڈرن پبلی کیشن کے رہنما طاہر اختر کے مطابق کراچی انٹرنیشنل بک فیئر میں ہر سال جدت آرہی ہے۔ گذشتہ سال کراچی انٹرنیشنل بک فیئر میں 10 لاکھ لوگوں نے شرکت کی اور اس سال اس میں کئی گنا اضافے کا امکان ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں طاہر اختر نے کہا: ’ہم گذشتہ 19 سال سے اس عالمی کتب میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس میلے میں دینی کتابوں سے لے کر بچوں کے ادب سمیت ہر قسم کی کتاب خریدی اور پڑھی جاتی ہے۔

’یہ ایک عام تاثر ہے کہ انٹرنیٹ کی وجہ سے لوگوں میں کتب بینی کا شوق ختم ہوا ہے مگر ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ لوگوں میں کتاب پڑھنے کا شوق بڑھتا جا رہا ہے۔ لوگ ہر قسم کی کتاب خریدتے اور پڑھتے ہیں۔‘

کتب بینی کے شوقین کراچی کے شہری جنید علی گذشتہ 10 برس سے کراچی انٹرنیشنل بک فیئر میں شرکت کر کے کتابیں خریدتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں جنید علی نے بتایا: ’موبائیل فون یا ٹیبلٹ کے باعث کتاب نہ پڑھنے والا تاثر غلط ہے، لوگ آج بھی شوق سے کتابیں پڑھتے ہیں، مگر اب کاغذ کی کتاب کے بجائے کتابوں کی سافٹ کاپی کو فون یا ٹیبلٹ پر پڑھنے کا رجحان ہے۔ اس کے کئی اسباب ہیں، جیسے کتاب کا مہنگا ہونا اور ہر وقت اپنے ساتھ کتاب رکھنے کے بجائے لوگ سافٹ پڑھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔‘

تاہم انہوں نے بتایا کہ ’اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ لوگوں میں کتب بینی کا شوق کم یا ختم ہوگیا ہے۔‘

کراچی انٹرنیشنل بک فیئر پبلشرز، ڈسٹربیوٹرز، ملکی و غیرملکی پبلشرز، لائبریرینز اور صارفین کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ اس میلے میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ادب