امریکہ کی ریاست نیبراسکا کے دیہی علاقے میں ایک معمہ سامنے آیا ہے، جہاں کار حادثوں کے متاثرین کا کہنا ہے کہ ایک نامعلوم شخص کسی بھی امدادی ٹیم سے پہلے جائے وقوعہ پر موجود ہوتا ہے۔
نیبراسکا کے شہر بیننگٹن میں ہائی وے 36 پر مختلف حادثات کا شکار ہونے والے متعدد افراد کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ حادثات پیش آنے کے بعد ایک ہی شخص نے انہیں مدد کی پیشکش کی۔
مقامی خبر رساں ادارے ’واؤٹ‘ (WOWT) کے مطابق کم از کم چار افراد کا اس شخص سے سامنا ہوا۔
ایسے ہی ایک شخص کائل سورنسن نے واؤٹ کو بتایا کہ جب وہ ایک بچے کی سائیکل سے ٹکرائے جو بغیر کسی وجہ سڑک کے درمیان پڑی ہوئی تھی، تو اس وقت انہوں نے اس آدمی کو دیکھا۔
سورنسن نے سائیکل سے ٹکرانے کے بعد کے لمحات بیان کرتے ہوئے کہا: ’جیسے ہی میں نے اپنے ریئر ویو آئینے میں دیکھا، میں نے پاؤنی روڈ پر (شمال میں) کسی شخص کو بیٹھے دیکھا۔
’انہوں نے میرے پیچھے گاڑی روکی، وہ شخص کہہ رہا تھا کہ وہ یہ چیک کر رہے ہیں کہ ہم ٹھیک ہیں یا نہیں۔‘
سورنسن نے کہا کہ وہ وہاں سے چلا گیا، لیکن بعد میں ان کی بیوی نے اسی شخص کو سڑک پر تیل پھینکتے ہوئے دیکھا۔
انہوں نے واؤٹ کو بتایا: ’میں واقعی اس شخص کا سامنا نہیں کرنا چاہتا تھا, لیکن میں نے پولیس کو اطلاع دی۔
’میں الزام نہیں لگانا چاہتا اور یہ نہیں کہنا چاہتا کہ یہ شخص ایسا کر رہا ہے، لیکن میں اس بات سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ یہ عجیب ہے۔‘
اس کے بعد ایک واقعے میں گیریژن بیچ اپنی اہلیہ سکائیلر کے ساتھ ٹویوٹا کیمری میں ہائی وے پر گاڑی چلا رہے تھے، جب انہوں نے سڑک پر موجود ’بڑے دھاتی ٹکڑے‘ سے بچنے کے لیے اپنی گاڑی کا رخ بدلا۔
نتیجے کے طور پر ان کی گاڑی سڑک کے کنارے کھائی میں جا گری۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیچ نے واؤٹ کو بتایا کہ ایک کار، جس کی ہیڈ لائٹس آن تھیں، قریب ہی کھڑی تھی۔
پھر ایک شخص آیا اور کہا کہ اس نے پولیس کو فون کیا ہے اور انہیں اپنی گاڑی میں ساتھ لے جانے کی پیش کش کی۔
گیریژن کا کہنا تھا کہ ’جیسے ہی ہم گاڑی سے باہر نکلے، مجھے یاد ہے کہ ہم سڑک کی جانب چڑھائی چڑھ رہے تھے اور یہ شخص سامنے آیا تھا۔
’وہ پہلے سے ہی وہاں موجود تھا، جیسے سڑک کے کنارے ہمارا انتظار کر رہا تھا۔ اس نے کہا، ’کیا آپ لوگ ٹھیک ہیں؟ میں نے پہلے ہی پیرا میڈکس کو بلا لیا ہے۔‘
سکائیلر نے مزید کہا: ’یہ بہت عجیب تھا۔ جیسے ہی ہم نے کہا، نہیں، ہم پولیس کا انتظار کریں گے، تو وہ اپنی گاڑی کی طرف واپس چلا گیا۔‘
ڈگلس کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے واؤٹ کو بتایا کہ انہیں ہائی وے 36 کے وسط میں متعدد اشیا کی موجودگی کی اطلاعات ملی ہیں۔
شیرف آرون ہینسن نے کہا کہ ان کے دفتر کو دو اضافی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جن میں سورنسن اور بیچ سے ملتے جلتے واقعات کے بارے میں بتایا گیا۔
ہینسن نے کہا: ’ہمارے ذہن میں ایک ممکنہ مشتبہ شخص ہے اور ہم اس وقت تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک شخص میں ہماری دلچسپی ہے، جس پر ہم توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔‘
© The Independent