پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بدھ کو ریاض میں سعودی نائب وزیر کھیل بدر بن عبد الرحمن ال قادی سے ملاقات میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، پلیئرز ڈویلپمنٹ اور سٹیڈیمز کی تعمیر کے حوالے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے ملاقات میں سعودی عرب کے نائب وزیر کھیل کو پاکستان میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی اور پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھنے کی دعوت بھی دی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کا ایمپائرز، کوچز اور کھلاڑیوں کے ایکسچینج پروگرام متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے وویمنز کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی مکمل سپورٹ کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے لیے ہر سطح پر معاونت فراہم کریں گے اور وویمنز کرکٹ پر بھی سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب کے نائب وزیر کھیل نے چیمپئنز ٹرافی اور پی ایس ایل کے میچز کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی جو پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں، اتوار سے ریاض کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سعودی عرب سے سکیورٹی تعاون اور کرکٹ تعلقات پر سعودی عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود سے بھی ملاقات کی ہے۔