چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کے اقدامات میں پاکستان فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کے اقدامات جن سے امن و امان اور سکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کے لیے پاکستان فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے میکرو اکنامک صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالے سے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی، جس میں ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظر نامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری بھی دی۔
سیکرٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے ’اڑان پاکستان‘ (2024-2029) کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے سٹریٹجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے میں آگاہ کیا۔
صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے کمیٹی کو اپنے اپنے صوبوں میں جاری ان معاشی ترقی کو فروغ دینے سے متعلق اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
کمیٹی نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک جو کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔
فورم کو انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن کی بدولت افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے گا۔
اجلاس کے اختتام میں وزیر اعظم نے 2025 کے دوران مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے میں ایس آئی ایف سی، وزارتوں، محکموں اور منسلک شراکت داروں کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔