جاپان کے شہر آشیا میں حکام نے ہفتے کو اعلان کیا ہے کہ دنیا کی معمر ترین شخصیت جاپانی خاتون 116 برس کی عمر میں چل بسیں۔ خاتون اسی شہر میں مقیم تھیں۔
جاپان کے جنوبی شہر کے میئر نے ایک بیان میں کہا کہ ایتوکا نامی خاتون جن کے چار بچے اور پانچ پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں تھے، 29 دسمبر کو ایک نرسنگ ہوم میں وفات پا گئیں جہاں وہ 2019 سے مقیم تھیں۔
ایتوکا 23 مئی 1908 کو اوساکا میں پیدا ہوئیں، جو اشیا کے قریب واقع تجارتی مرکز ہے۔ وہ امریکہ میں امریکی کار ساز کمپنی فورڈ کی طرف سے ٹی ماڈل کی کار متعارف کروانے سے چار ماہ قبل پیدا ہوئیں۔
ایتوکا کو اگست 2024 میں سپین کی 117 سالہ ماریا برینیس موریرہ کی وفات کے بعد دنیا کی سب سے معمر شخصیت کے طور پر تسلیم کیا گیا۔
آشیا کے 27 سالہ میئر ریوسوکے تاکاشیما نے بیان میں کہا کہ ’ایتوکا نے اپنی طویل زندگی سے ہمیں حوصلہ اور امید دی۔ ہم ان کے شکر گزار ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایتوکا، جو تین بہن بھائیوں میں سے ایک تھیں، نے دونوں عالمی جنگیں، وبائی امراض، اور ٹیکنالوجی کی بڑی ترقی کا زمانہ دیکھا۔
ایتوکا اپنے زمانہ طالب علمی میں والی بال کھیلا کرتی تھیں۔ میئر کے بیان کے مطابق بڑھاپے میں ایتوکا کو کیلے اور جاپان میں مقبول دودھ سے بننے والا مشروب ’کالپس‘ پسند تھے۔
جاپان میں خواتین عام طور پر طویل عمر جیتی ہیں لیکن ملک آبادی کے سنگین بحران کا سامنا کر رہا ہے، جہاں بڑھتی ہوئی معمر آبادی کے باعث طبی اور فلاحی اخراجات آسمان کو چھو رہے ہیں جب کہ سکڑتی ہوئی افرادی قوت ان اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔
ستمبر میں جاپان میں 95 ہزار زیادہ افراد ایسے تھے جن کی عمر سو سال یا اس سے زیادہ تھی جن میں سے 88 فیصد خواتین تھیں۔
ملک کی 12 کروڑ 40 لاکھ کی آبادی میں سے تقریباً ایک تہائی افراد کی عمر 65 سال یا اس سے زیادہ ہے۔