ملائیشیا کی ریاست صباح میں ایک مگرمچھ ایک 23 سالہ شخص کو گھسیٹ کر لے گیا جبکہ اس کے تین دیگر دوست بے بسی کے عالم میں دیکھتے رہ گئے۔
بدھ کو چار افراد کمپنگ ٹیناگیان، تنجنگ لبیان کے قریب پانیوں میں کیکڑے پکڑ رہے تھے جب مگرمچھ نے علی الصبح پودے لگانے والے مزدور پر حملہ کر دیا۔
اس شخص کی لاش جس پر کاٹنے کے نشانات اور خراشیں تھیں، تقریباً پانچ کلومیٹر دور کمپنگ تنجنگ باتو میں فوجی چوکی کے قریب ساحل سمندر سے ملی۔
لاہدداتو ضلع پولیس کے سربراہ روہان شاہ احمد کا کہنا ہے کہ ’چونکہ حملہ ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ہوا تو تینوں دوست صرف دیکھتے رہ گئے۔‘
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس سے پہلے کہ وہ کچھ کرتے ان کا دوست ایک لمحے میں (پانی کے اندر) غائب ہو گیا۔‘
پولیس سربراہ نے بتایا کہ لاش مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر 20 منٹ پر ملی جس کے بائیں بازو اور سر پر کاٹنے کے نشانات، سینے، گردن کے پچھلے حصے اور پیٹھ پر بھی خراشیں تھیں۔‘
باقیات کو پوسٹ مارٹم کے لیے لاہدداتو ہسپتال لایا گیا تھا۔
پولیس چیف نے مقامی آبادی کو سمندر اور دریاؤں کے آس پاس ’زیادہ محتاط‘ رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس سال لاہدداتو میں اس طرح کا یہ پہلا حملہ تھا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل جون میں ریاست صباح میں ہی وائلڈ لائف رینجرز کی فائرنگ سے مرنے والے مگرمچھ کے پیٹ سے 60 سالہ لاپتہ شخص کی باقیات برآمد ہوئی تھیں۔
صباح فائراینڈ ریسکیو سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کمپونگ سنگائی ماس ماس میں ایک ندی سے لاپتہ ہونے والے اڈی بنگسا کی باقیات 4.29 میٹر لمبے اور آٹھ سو کلو گرام وزنی نر مگرمچھ کے اندر سے ملی ہیں۔
گذشتہ سال دسمبر میں لاہدداتو کے ساحل پر مچھلیاں پکڑتے ایک سالہ بچے کو مگرمچھ نے مار ڈالا تھا جبکہ اس کا والد شدید زخمی ہوگیا تھا۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق بچے کو رینگنے والے اس جاندار نے کشتی سے جھپٹ لیا تھا۔ والد نے بچے کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ(مگرمچھ) زیادہ طاقتور نکلا جس کے باعث بچے کا والد زخمی ہو گیا۔
مگرمچھ بعد میں بچے کی مسخ شدہ جسم کو جبڑے میں لیے سطح پر نمودار ہوا اور پھر لاش کے ساتھ پانی میں غائب ہو گیا۔
© The Independent