اسلام آباد میں عالمی سکول گرلز کانفرنس، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اور ملالہ شریک

اسلامی تعاون تنظیم اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے بین الاقوامی سکول گرلز کانفرنس آج اسلام آباد میں شروع ہو گئی۔

چھ نومبر، 2024 کو لاہور میں لڑکیاں سکول کی چھٹی پر گھر جا رہی ہیں (اے ایف پی)

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے بین الاقوامی سکول گرلز کانفرنس ہفتے کو اسلام آباد میں شروع ہو گئی۔

خواتین کی تعلیم کی اہمیت پر مبنی یہ دو روزہ کانفرنس اتوار کو بھی جاری رہے گی، جس کے دوران مختلف اجلاس اور پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

کانفرنس میں مسلم اور دوست ممالک کے وزرا، سفیر، اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حسین ابراہیم طہٰ، مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف خصوصی خطاب کریں گے۔

پاکستانی حکام کے مطابق ملالہ یوسفزئی بھی کانفرنس میں کلیدی خطاب کریں گی۔

ملالہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا: ’میں دنیا بھر کے مسلم رہنماؤں کے ساتھ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے ایک اہم کانفرنس میں شامل ہونے کے لیے پرجوش ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا: اتوار کو میں اس بارے میں بات کروں گی کہ تمام لڑکیوں کے لیے سکول جانے کے حقوق کا تحفظ کیوں ضروری ہے اور رہنماؤں کو افغان خواتین اور لڑکیوں کے خلاف طالبان کے جرائم کا محاسبہ کیوں کرنا چاہیے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کانفرنس کے ابتدائی اجلاس میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت مہمانوں کا استقبال کریں گے اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالیں گے۔

افتتاحی تقریب کے بعد شریک ممالک کے وزارتی اجلاس میں خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

دیگر اجلاسوں اور مباحثوں میں اسلامی ممالک کے مندوبین، انسانی حقوق کے کارکنان، اور تعلیم و موسمیاتی تبدیلی پر کام کرنے والی نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔

کانفرنس میں درج ذیل موضوعات پر گفتگو ہو گی:

•  تعلیمِ نسواں: مسائل اور ان کے حل

•  انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعلیمِ نسواں: مواقع اور امکانات

•  امن کے قیام میں خواتین کا کردار

بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدوں پر دستخط کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی تشکیل دیا جائے گا۔ کانفرنس کا اختتام اسلام آباد اعلامیے پر دستخط کی رسمی تقریب سے ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان