ایمزون کے مالک جیف بیزوس کی خلائی ٹیکنالوجی کی کمپنی بلیو اوریجن کو اس کے نئے راکٹ کی طویل متوقع پہلی زمین کے مدار کی پرواز کے لیے تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ پیر کو ہونے والی لانچ کی کوشش کو گھنٹوں تک ملتوی کیے جانے کے بعد آخر کار غیر متعین تکنیکی مسائل کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔
بلیو اوریجن نے اپنے قیام کے 25 سال بعد کیپ کیناورل سپیس فورس سٹیشن سے نیو گلین راکٹ کے ذریعے پہلی پرواز زمین کے مدار میں بھیجنا تھی، جس نے مقررہ مقامی وقت کے مطابق صبح ایک بجے پرواز کرنا تھی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق راکٹ میں میتھین اور مائع آکسیجن کا ایندھن بھر دیا گیا تھا۔
تاہم کاؤنٹ ڈاؤن کے اختتام کے قریب بلیو اوریجن نے کئی بار لانچ کے وقت کو مؤخر کیا اور صبح چار بجے کمپنی کی لائیو فیڈ پر ایک ترجمان نے بتایا کہ مشن ٹیم اس میں ’کچھ مسائل‘ کا جائزہ لے رہی ہے۔
بعد میں بلیو اوریجن نے اپنے بیان میں کہا: ’ہم آج کی لانچ کی کوشش کو معطل کر رہے ہیں تاکہ اس کے سب سسٹم کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔
’ہم اگلی لانچ کی کوشش کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘
ماہرین کے مطابق یہ تاخیر کم از کم 24 گھنٹے کی ہو سکتی ہے، لیکن ممکنہ طور پر اس میں زیادہ وقت لگے گا کیونکہ کمپنی اس اہم مشن کے لیے مسائل کا تجزیہ کر رہی ہے۔
جیف بیزوس کی کمپنی کو اس مشن کے ذریعے تجارتی خلائی دوڑ میں انقلاب برپا کرنے کی امید ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 320 فٹ یا تقریباً 32 منزلہ عمارت کے برابر اونچائی والے اس راکٹ کا نام معروف خلا باز جان گلین کے نام پر رکھا گیا ہے۔
کمپنی کے سی ای او ڈیو لپ نے ایکس پر ’پوائنٹی اینڈ اپ‘ عنوان کے ساتھ اس چمک دار سفید راکٹ کی تصاویر شیئر کیں۔
این جی ون نامی اس مشن کے ذریعے ایمزون کے بانی بیزوس کا مقصد اپنے حریف ایلون مسک کو مسابقت دینا ہے جن کی کمپنی سپیس ایکس اپنے فیلکن نو راکٹوں کے ذریعے مدار میں پہنچ چکی ہے اور یہ پہلے ہی تجارتی شعبے، پینٹاگون اور ناسا کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔
ناسا کے ریٹائرڈ سینیئر افسر جی سکاٹ ہببرڈ نے اے ایف پی کو اس حوالے سے بتایا: ’سپیس ایکس گذشتہ کئی سالوں سے تقریباً اکلوتی نجی کمپنی ہے اور اس کے ایک حریف کا سامنے آنا زبردست (مسابقت) پیدا کرے گا۔‘
دوسری جانب سپیس ایکس اس ہفتے اپنے نئی جنریشن کے راکٹ سٹار شپ کے اگلے مدار کے تجربے کی تیاری کر رہا ہے جو اس دوڑ میں مسابقت کو مزید بڑھائے گا۔
لانچ کے فوراً بعد بلیو اوریجن اپنے پہلے سٹیج بوسٹر کو بحر اوقیانوس میں 620 میل دور موجود ایک ڈرون شپ ’جیکلن‘ پر اتارنے کی کوشش کرے گا۔
یہ نام بیزوس کی والدہ کے اعزاز میں رکھا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اگرچہ سپیس ایکس نے اس طرح کی لینڈنگز پر مہارت حاصل کر لی ہے، لیکن یہ بلیو اوریجن کی سمندر میں لینڈنگ کی پہلی کوشش ہو گی۔
پہلے مرحلے میں انجن زمین کے مدار میں سطح سے تقریباً 12 ہزار میل کی بلندی تک پہنچے گا۔
ایک دفاعی محکمے کی مالی معاونت سے تیار کردہ پروٹو ٹائپ خلائی جہاز ’بلیو رِنگ‘ تقریباً چھ گھنٹے کی اس ٹیسٹ پرواز کے دوران راکٹ پر موجود رہے گا۔
بلیو اوریجن نے اپنے نیو شیپرد راکٹوں کے ساتھ مدار کے قریب خلائی سیاحت کے لیے لینڈنگز کا تجربہ کیا ہے لیکن وہ بہت چھوٹے ہوتے ہیں اور یہ سمندر میں کسی جہاز کی بجائے زمین پر لینڈ کرتے ہیں۔
نیو گلین راکٹ فیلکن 9 سے زیادہ بڑا ہے اور اسے زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت کے لیے بنایا گیا ہے۔
یہ حجم کے لحاظ سے اپنے حریف فیلکن 9 اور اس سے بڑے فیلکن ہیوی جتنا ہے لیکن اس کی برتری اس کی وسیع پے لوڈ کیپیسٹی ہے جو 20 ٹرکوں کے مساوی وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بلیو اوریجن نے پہلے ہی ناسا کے ساتھ دو مریخ مشنز کے لیے نیو گلین راکٹ لانچ کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔
یہ راکٹ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کنسٹیلیشن پروجیکٹ ’کیوپر‘ کی لانچنگ بھی کرے گا جو سٹارلنک کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔
تاہم اب تک سپیس ایکس نے خلائی دوڑ میں اپنا غلبہ برقرار رکھا ہوا ہے جب کہ دوسرے حریف جیسے یونائیٹڈ لانچ الائنس، ایریان سپیس اور راکٹ لیب اس سے بہت پیچھے ہیں۔
اگر نیو گلین کامیاب ہوتا ہے تو یہ امریکی حکومت کو ’اضافی تحفظ‘ فراہم کرے گا، جو ایک سسٹم کے ناکام ہونے کی صورت میں قیمتی بیک اپ ہوگا۔
مستقبل میں ناسا اور حکومت کے ساتھ تعاون کے پیش نظر بلیو اوریجن نئی ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بیزوس نے خود بھی اپنے سابق حریف ٹرمپ کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوشش کی ہے اور ان نجی رہائش گاہ کا دورہ کیا جبکہ ایمزون نے ٹرمپ کی حلف برداری کے لیے انٹروگیشن کمیٹی کو 10 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔