واخان کوریڈور پر پاکستان کے قبضے میں کوئی صداقت نہیں: پاکستان

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’واخان کوریڈور پر پاکستان کے قبضے میں کوئی صداقت نہیں۔ پاکستان افغانستان کی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔‘

اسلام آباد میں واقع دفتر خارجہ کی عمارت کا بیرونی منظر (انڈپینڈنٹ اردو)

سوشل میڈیا پر گذشتہ کئی روز سے واخان کی پٹی کو پاکستان میں ملانے کے حوالے سے جاری بحث پر دفتر خارجہ پاکستان نے بیان دیا ہے کہ ’واخان کوریڈور پر پاکستان کے قبضے میں کوئی صداقت نہیں۔ پاکستان افغانستان کی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان تاجکستان کے ساتھ مل کر افغانستان کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’تاجکستان دوست ملک ہے اور پاکستانیوں کا وہاں جانا اور ان کا آنا معمول کی بات ہے۔‘

جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ کی جس میں خارجی امور پر مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

افغانستان کے ساتھ حالیہ سرحدی کشیدگی پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’افغانستان کے ساتھ بنیادی مسئلہ وہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔

’ہم بہت سے مواقع پر افغان حکام کے ساتھ بات چیت کرتے رہتے ہیں اور بہت سی بات چیت میڈیا میں رپورٹ نہیں ہوتی۔‘

شفقت علی خان نے کہا کہ ’دہشت گردی ایک پیچیدہ مسئلہ ہے، ٹی ٹی پی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، افغان بارڈر پر باڑ ہے مگر کوئی باڑ بھی سو فی صد محفوظ نہیں ہوتی۔

’پاکستان اور سیکیورٹی ادارے سرحدی علاقوں کو محفوظ بناتے ہیں۔‘

افغان شہریوں کے خلاف پاکستانی حکومت کی کارروائیوں سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان میں صرف افغان نہیں بلکہ کوئی بھی غیرملکی شہری قانونی تقاضے پورے کیے بغیر رہ رہا ہے تو اس کے خلاف ایکشن ہوتا ہے۔‘

’غزہ کی تعمیر نو میں پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا‘

فلسطین کی صورت حال پر پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ یہ جنگ بندی مستقل بنیادوں پر ہو۔‘

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان پہلے بھی غزہ میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتا رہا ہے، غزہ کی تعمیر نو میں بھی مدد کریں گے۔‘

انڈین آرمی چیف کا بیان مسترد

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے انڈین آرمی چیف کا بیان مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کشمیر میں پاکستانی عسکریت پسندوں کی موجودگی کا الزام لگایا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شفقت علی خان نے کہا کہ ’پاکستان بھارتی آرمی چیف کے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بارے بیان کو مسترد کرتا ہے۔‘

بلاول بھٹو کو صدر ٹرمپ کے دعوت نامے پر ردعمل

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ میڈیا پر ایسی خبریں ہیں کہ بلاول بھٹو کو صدر ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ ملا ہے لیکن چونکہ یہ دعوت نامہ وزارت خارجہ کے ذریعے نہیں آیا اس لیے وہ اس پر بات نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’صدر ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں ہمارے سفیر شرکت کریں گے۔ پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات ہیں اور پاکستان امریکہ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ بھی کام جاری رکھے گا۔‘

مزید سوالات کے جوابات

ہفہ وار بریفنگ میں عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل کے سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔‘

ترجمان دفتر خارجہ نے امارات کے ویزوں سے متعلق جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات کے ویزوں پر پابندی نہیں لوگ آ جا رہے ہیں، مزید بھی ہماری بات چیت جاری ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستانی شہری جو بیرون ملک قید ہیں ہمارے سفارت خانوں کے پاس ان کے درست اعداد و شمار موجود ہیں، ہم رابطے رکھتے ہیں اور ان کو ممکنہ مدد بھی فراہم کی جاتی ہے۔‘

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور بنگلہ دیش وزیر خارجہ کے دورے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘

افغانستان میں انڈین سیکرٹری خارجہ کے دورے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’افغانستان ایک خودمختار ملک ہے اور کسی کے ساتھ بھی تعلقات رکھ سکتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان