انڈیا میں امبانی خاندان کے بعد اب ایک اور ارب پتی عظیم الشان شادی کی تیاری کر رہے ہیں جس میں دنیا بھر کے بڑے ستاروں کی پرفارمنس کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔
گوتم اڈانی کے بیٹے جیت اڈانی کی شادی ہیروں کے ایک تاجر کی بیٹی سے ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق معرف امریکی سیلیبرٹیز کینڈل جینر اور کائلی جینر بھی جیت اڈانی کی شادی میں شرکت کریں گی جس میں 58 ممالک کے شیف انواع و اقسام کے کھانے تیار کریں گے۔
جیت اڈانی ایشیا کے دوسرے امیر ترین شخص گوتم اڈانی کے سب سے چھوٹے بیٹے ہیں جن کی 12 مارچ 2023 کو ہیروں کے تاجر جیمن شاہ کی بیٹی دیوا جیمن شاہ سے منگنی ہوئی تھی تاہم اس جوڑے نے اپنی خلوت کو برقرار رکھے ہوئے منگنی کو زیادہ عام نہیں کیا تھا۔
منگل کو گوتم اڈانی نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ ان کے بیٹے کی شادی اگلے ماہ یعنی سات فروری کو منعقد ہو گی اور اس کو ’انتہائی سادگی‘ سے انجام دیا جائے گا۔
دنیا کے سب سے بڑے مذہنی اجتماع مہا کمبھ میلے میں شریک گوتم اڈانی نے بتایا کہ ’جیت کی شادی سات فروری کو ہے۔ ہماری سرگرمیاں عام لوگوں کی طرح ہیں۔ ان کی شادی بہت سادہ ہو گی اور مکمل طور پر روایتی طریقوں سے کی جائے گی۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ شادی ’سیلیبرٹیز کا مہا کمبھ‘ ہو گی؟ تو انہوں نے جواب دیا: ’ایسا بالکل نہیں ہو گا۔‘
تاہم انڈین میڈیا نے اس شادی کی کچھ اور ہی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا کنسرٹ منعقد کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
لیکن سوئفٹ کے قریبی ذرائع نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ وہ اس شادی میں شرکت یا پرفارم نہیں کریں گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈین میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ امریکی رپر سکاٹ اور انڈین موسیقار ہنی سنگھ اس تقریب میں پرفارم کریں گے جب کہ کائلی جینر، کینڈل جینر، سیلینا گومز اور سڈنی سوینی کی شرکت کی بھی افواہیں ہیں۔
رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ ایک ہزار سے زائد لگژری گاڑیاں مہمانوں کو شادی کی جگہوں تک لے جانے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ دنیا بھر سے کنول کے ہزاروں پھول بھی شادی کے مقام کو سجانے کے لیے لائے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ایک ڈرون شو بھی شادی کی تقریبات کا حصہ ہو گا۔
تقریب کا ایک اہم حصہ انڈین روایتی فن ’رنگولی‘ بھی ہے جس میں رنگین ریت یا پاؤڈر کا استعمال کر کے زمین یا صحن پر ڈیزائن بنایا جاتا ہے اور اسے 20 سے 50 ہزار فنکار تیار کریں گے۔
گذشتہ سال ایک اور انڈین ارب پتی مکیش امبانی کے بیٹے اننت کی شادی کی تقریبات عوامی دلچسپی اور غم و غصے کا باعث بن گئی تھیں۔ کئی پری ویڈنگ تقریبات کے بعد جولائی میں تین دن تک جاری رہنے والی شاہانہ جشن میں ریانا، کیٹی پیری، اینڈریا بوسیلی اور جسٹن بیبر جیسے اداکاروں اور کِم اور کلوئی کارڈیشیئن سے لے کر عالمی رہنما ٹونی بلیئر اور دیگر عالمی مشہور شخصیات شامل ہوئی تھیں۔
امبانی کے شادی کے اخراجات کے درست اعداد و شمار کبھی ظاہر نہیں کیے گئے لیکن انڈین میڈیا اور شادی کی منصوبہ سازوں نے اندازہ لگایا کہ صرف شادی کی تقریبات کے اخراجات ممکنہ طور پر 30 کروڑ ڈالر سے زیادہ تھے۔ اگر پری ویڈنگ کی تقریبات کو بھی شامل کیا جائے تو دی گارڈین نے اندازہ لگایا کہ کل لاگت 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔
جنوری 2025 تک مکیش امبانی کی ذاتی دولت 101.9 ارب ڈالر ہے اور وہ فوربز کے مطابق ایشیا کے امیر ترین شخص ہیں۔
© The Independent