پاکستان میں سیاحتی و کاروباری نمائش (ٹریول ٹریڈ شو) منعقد کرنے والے ادارے پاکستان ٹریول مارٹ (پی ٹی ایم) کی جانب سے چوتھے ایڈیشن کا کراچی کےایکسپو سینٹر میں آغاز ہوا۔
جمعے سے شروع ہونے والی نمائش دو فروری تک جاری رہے گی۔ سعودی ٹورازم اتھارٹی اس سال کی تقریب میں بطور ٹائٹل پارٹنر شرکت کر رہی ہے۔
پاکستان ٹریول مارٹ 2025 کے دوسرے مرحلے میں چار اور پانچ فروری کو اسلام آباد میں ایک روڈ شو بھی منعقد کیا جائے گا۔
پی ٹی ایم 2025 میں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے سیاحتی صنعت کے شعبے شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں ٹوور آپریٹرز، ہواباز کمپنیاں اور دیگر شعبے شامل ہیں۔
پی ٹی ایم 2025 میں آذربائیجان، متحدہ عرب امارات، سنگاپور، ترکی اور ملائیشیا سمیت کئی ملکوں کی قومی ایئر لائنز سمیت نجی کمپنیوں کی جانب سے سٹال لگائے گئے ہیں۔
سعودی ثقافت، سیاحت اور مستقبل کے منصوبوں کا قریب سے مشاہدہ کرنے کے لیے رواں سال کی پی ٹی ایم میں سعودی عرب کے لیے ہال نمبر چار میں خصوصی پویلین قائم کیا گیا ہے، جہاں حج اور عمرے پر کام کرنے والے متعدد نجی ٹوور آپریٹر کمپنیوں کی جانب سٹالز لگائے گئے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے علاوہ سعودی عرب کی دو ایئرلائینز فلائی ناس اور فلائی اے ڈیل کے سٹالز بھی موجود ہیں۔
سعودی ایئر لائن اور فلائی ناس نے پاکستان سے اپنے آپریشنل پہلے ہی شروع کر دیے ہیں۔
پی ٹی ایم 2025 میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوٹلوں کی ملکیت اور انتظام سنبھالنے والی سعودی عرب کی ہوٹلز منیجمنٹ اور عمرہ کمپنی ’رواعہ گولڈن‘ بھی شرکت کر رہی ہے۔
رواعہ گولڈن کے ڈائریکٹر آپریشنز پاکستان محمد یعقوب سیفی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’حج اور عمرے کے ساتھ ہماری کمپنی پاکستانیوں کو سعودی عرب کے مختلف سیاحتی مقامات کے ٹوورز بھی کروا رہی ہے۔
’گذشتہ سال پاکستان سے 45000 سے زیادہ لوگوں کو حج اور عمرے کے علاوہ سعودی عرب کے سیاحتی مقامات کی سیر کروائی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی ایم 2025 میں لوگ سعودی عرب کی کمپنیز میں دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ وہ حج اور عمرے کے علاوہ سعودی کے سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے معلومات لے رہے ہیں۔‘
پی ٹی ایم 2025 میں وزٹ کے لیے آنے والی علشبہ شہر یار خان نے کہا: ’سعودی عرب ماضی میں لوگ صرف حج اور عمرے کے لیے جانا چاہتے تھے۔ مگر اب سیاحت کے لیے بھی جارہے ہیں۔
’اس نمائش میں سعودی عرب کی سیاحت کے متعلق بہت کچھ معلومات ملی ہیں اسی لیے ایسی نمائشیں لگنا چاہیے۔‘
پاکستان ٹریول مارٹ 2025 میں ایتھوپیا کا خصوصی سیاحتی پویلین بھی قائم کیا گیا۔
سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے ایتھوپیا کی خصوصی سیاحتی پویلین کا افتتاح کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹریول مارٹ میں ایتھوپیا کے پویلین کا قیام ایتھوپیا اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا عکاس ہے۔