وزیراعظم پاکستان شہباز شریف آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے پیر کو صدر الہام علیوف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف 23 فروری 2025 کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچے تھے جہاں ایئر پورٹ پر نائب وزیر اعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیر خارجہ یالچین رفائیف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرخادوف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین، اور دیگر سینیئر حکام نے وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ پیر کو صدر الہام علیوف سے ملنے زوولبا محل پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور دیگر اعلیٰ آذربائیجانی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ بات چیت میں دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی، تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت، توانائی و دفاعی تعاون کے فروغ، ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے تعاون اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہو گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا مارچ 2024 میں وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد آذربائیجان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، عبدالعلیم خان، چوہدری سالک حسین، عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی دورے کے دوران وزیرِاعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف، آذربائیجان کے ساتھ صدر دو طرفہ ملاقات کے علاوہ بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے شعبوں پر بات چیت ہوگی تاکہ توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھایا جاسکے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین تعاون کے متعدد شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔