2025 کے لیے دنیا کی بہترین کافی شاپ کون سی ہے؟

سپین میں ہونے والے میڈرڈ کافی فیسٹیول میں اعلان کردہ ورلڈ 100 بیسٹ کافی سپوٹس کی فہرست بنائی گئی۔

آسٹریلیا کے نو کیفے اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آسٹریلیا اپنی کافی کلچر میں کچھ خاص کر رہا ہے (پیکسلز)

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع ایک کیفے کو دنیا کی بہترین کافی شاپ قرار دیا گیا ہے، جبکہ امریکہ، آسٹریا، ناروے اور سنگاپور کے کیفے بھی قریب ترین مقابلے میں رہے۔

سپین میں ہونے والے میڈرڈ کافی فیسٹیول میں اعلان کردہ ورلڈ 100 بیسٹ کافی سپوٹس کی فہرست کے مطابق، سڈنی کے ٹوبیز سٹیٹ کافی روسٹرز نے پہلا  نمبرحاصل کیا، جبکہ روایتی حریف میلبورن چوتھے نمبر پر آیا، جہاں پراؤڈ میری کافی نے جگہ بنائی۔

1997 میں قائم ہونے والا یہ سپیشلٹی کافی برانڈ اعلیٰ معیار کی بینز اور اخلاقی طور پر حاصل شدہ اجزا پر خصوصی توجہ دینے کے لیے جانا جاتا ہے۔

اس برانڈ نے انسٹاگرام پر لکھا: ’ہر روز یہ کہنے کا موقع نہیں ملتا کہ آپ دنیا میں نمبر ون ہیں، لیکن آج ہم کہہ سکتے ہیں – ٹوبیز سٹیٹ نے باضابطہ طور پر تاج اپنے سر پر سجا لیا ہے!

’ہم اس فہرست میں سب سے اوپر آنے پر بے حد خوش اور پُرجوش ہیں – اور اس صنعت میں نمایاں مقام رکھنے والے کیفیز کے ساتھ  مقابلے میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کر رہے ہیں... ہم نے اس جگہ کو خاص طور پر اس انداز میں ڈیزائن کیا ہے کہ روایتی رکاوٹوں کو حقیقت میں مکمل طور پر ختم کیا جا سکے – ہم نے ایک جزیرے کی طرز پر تیار کردہ بریو بار (کافی بنانے کا کھلا کاؤنٹر) اور اوور ہیڈ شیشے (مرايا) لگائے ہیں، تاکہ لوگ قریب آ کر ہماری ٹیم سے بات چیت کر سکیں، براہ راست مشاہدہ کر سکیں اور اپنی آنکھوں کے سامنے اس جادوئی عمل کو وقوع پذیر ہوتے دیکھ سکیں۔‘

فہرست میں دوسرے نمبر پر امریکہ کے آرکنساس میں واقع اونکس کافی لیب آیا، جس کی کئی شاخیں مختلف شہروں میں موجود ہیں۔ تیسرے نمبر پر آسٹریا کے شہر ویانا میں گوٹا کافی ایکسپرٹس نے جگہ بنائی، جو اپنی اعلیٰ معیار کی کافی کے ساتھ ساتھ انٹرایکٹو کافی ورکشاپس کے لیے بھی مشہور ہے۔

یہ فہرست کافی اور کھانے کے معیار، گاہکوں کی خدمت، کیفے کے ماحول، ماحولیاتی استحکام، باریستا (کافی بنانے والا) کے تجربے، اور مجموعی استحکام و جدت کو مدنظر رکھ کر مرتب کی گئی ہے۔ اس درجہ بندی میں عوامی رائے اور ماہرین کے تجزیے کو بھی شامل کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دنیا کے 10 بہترین کیفے میں سنگاپور، فرانس، ملائیشیا، اور کولمبیا کے کیفے بھی شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے نو کیفے اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آسٹریلیا اپنی کافی کلچر میں کچھ خاص کر رہا ہے، لیکن اب بھی سڈنی اور میلبورن کے درمیان مقابلہ جاری ہے کہ کون سا شہر بہترین کافی بناتا ہے۔

آسٹریلیا میں کافی 1880 کی دہائی میں مقبول ہوئی، جب میلبورن میں ٹیمپرنس موومنٹ (تحریک اعتدال) نے شراب نوشی کے خلاف مہم چلائی، جس میں دلیل دی گئی کہ الکوحل سماجی بدتمیزی کا باعث بنتی ہے۔ یہ تحریک، شاندار پیرسین کیفے کے مقبول ہونے کے ساتھ، کافی پیلسز کے قیام کا سبب بنی، تاکہ لوگوں کو ایک ایسی جگہ میسر آ سکے جہاں وہ مل بیٹھ کر کھانا کھا سکیں اور مشروب پی سکیں۔

میلبورن میں اس رجحان کو سب سے زیادہ فروغ ملا، جہاں کئی منزلہ شاندار کافی پیلسز بنائے گئے جو پبز کے متبادل کے طور پر کام کرتے تھے۔ یہ کیفے نہ صرف کافی کے لیے مشہور تھے بلکہ آسٹریلوی معاشرتی زندگی کے مراکز بھی بن گئے۔ ان کی مقبولیت جلد ہی سڈنی جیسے دیگر شہروں تک بھی پہنچ گئی۔

ایسپریسو کافی سب سے پہلے 1930  کی دہائی میں اطالوی تارکین وطن کے ساتھ آسٹریلیا میں آئی، لیکن اس کا اصل عروج 1950  کی دہائی میں ہوا، جب دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپی پناہ گزین اپنے ساتھ کیفے کلچر بھی لائے۔

’وقت گزرنے کے ساتھ، آسٹریلیا نے اپنی منفرد کافی ثقافت کو فروغ دیا اور حقیقت میں، اپنا ایک مخصوص انداز تخلیق کیا۔ سڈنی میں موجود مورز ایسپریسو بار کے مالک ایلن پریسٹن کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے 1985  میں ’فلیٹ وائٹ‘ (Flat White) کی اصطلاح سب سے پہلے متعارف کرائی۔ ان کے مطابق، وہ اس اصطلاح کے لیے 1960  اور 1970 کی دہائی میں کوئنز لینڈ میں مقبول ایک خاص قسم کی ایسپریسو سے متاثر ہوئے، جسے ’وائٹ کافی – فلیٹ‘ کہا جاتا تھا۔

تاہم، نیوزی لینڈ کے فرینک مکینس اس دعوے سے اختلاف کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ دراصل ’فلیٹ وائٹ‘ کی اصطلاح حادثاتی طور پر ان کے ذریعے وجود میں آئی۔ ان کے مطابق، وہ ایک کیپوچینو بنا رہے تھے، لیکن جھاگ دار دودھ (frothy milk) صحیح طریقے سے اوپر نہیں آیا، جس پر انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا، ’معذرت، یہ ایک فلیٹ وائٹ ہے۔‘

ٹوبیز سٹیٹ کے جنرل مینیجر، جوڈی لیسلی نے سی این این ٹریول سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میں سمجھتی ہوں کہ ہماری جیت درحقیقت پورے ملک کی جیت ہے۔ آسٹریلوی کافی، میری نظر میں، دنیا کی بہترین کافی ہے، اور یہ معاملہ صرف سڈنی اور میلبورن تک محدود نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ بحیثیت ملک ہم مضبوط رہیں، اور یہ کامیابی سب کے لیے فائدہ مند ہے۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین