وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں آج ملک بھر میں چینی کی سپلائی اور قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے خوردونوش کی مناسب قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ضروری اشیا ارزاں نرخوں پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ مہینوں میں چینی کی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، جس سے اس غیر قانونی سرگرمی کے خاتمے میں مدد ملی۔
وزیراعظم نے چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا حکم دیا۔ رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے اور عوام کو رعایتی نرخوں پر چینی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبائی سطح پر فئیر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں۔
چینی کی سمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر علی پرویز ملک سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی، جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔