کراچی میں مصطفی قتل کیس کے بعد اب ملک بھر میں یہ موضوع زیر بحث ہے کہ نوجوان نسل منشیات کی لین دین میں کیسے ملوث ہے اور حکومتی ادارے اس پر کیا کر رہے ہیں۔
اسی حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ گذشتہ ایک سال میں جڑواں شہر (اسلام آباد، راولپنڈی) کی حدود میں کتنی منشیات پکڑی گئی ہیں۔
انسداد منشیات فورس کے راولپنڈی ہیڈکوارٹر سے رواں ماہ کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ’تازہ کارروائیوں میں چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 595.47 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔‘
اسلام آباد میں انسداد منشیات ایکٹ کے تحت دو ہزار سے زائد مقدمات
اسلام آباد پولیس کے ترجمان شریف اللہ خان نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ’گذشتہ ایک سال میں منشیات کی مختلف اقسام کثیر تعداد میں پکڑی گئی ہے جس میں 461 کلوگرام چرس، ہیروین 681 کلوگرام، آئس 52 کلوگرام جبکہ افیون ایک کلوگرام پکڑی گئی ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ان تمام کارروائیوں میں 2217 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ اس وقت انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں 2126 مقدمات درج ہیں۔
’یہ تو وہ منشیات ہے جو اسلام آباد کے گردونواح سے پکڑی گئی ہے جبکہ مختلف نجی تعلیمی اداروں پر جو کریک ڈاؤن ہوئے ان میں مختلف اوقات میں 53 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں جن کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ ان ملزمان سے 24 کلوگرام چرس، 14 کلوگرام ہیروین، 5.3 کلوگرام آئس برآمد کی گئیں۔‘
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ’یہ کوئی ایک مخصوص ایریا نہیں ہے بلکہ پورے اسلام آباد میں ہی کارروائیاں ہوتی ہیں۔ زیادہ تر کارروائیاں اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر موجود چیک پوسٹس، ایئرپورٹ کے قریب اور موٹروے چیک پوائنٹس پر منشیات پکڑی جاتی ہیں۔‘
اے این ایف سے میسر معلومات کے مطابق رواں ماہ فروری میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک کارروائی کے دوران بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 6.712 کلو گرام جذب شدہ آئس برآمد ہوئیں۔
ملک بھر کی 77 یونیورسٹیوں کے گردونواح سے 199 منشیات فروش گرفتار
انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کی ترجمان کنول نور نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ ’سال 2024 کے دوران تعلیمی اداروں پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
’اس ضمن میں گذشتہ برس ستمبر سے ہم نے مہم شروع کی جس کے تحت تعلیمی اداروں کے گرد و نواح پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ طلبا و طالبات تک نشہ آور اشیا کی ترسیل کو روکا جا سکے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کنول نور کہتی ہیں کہ ’تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف 169 کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ملک بھر میں 77 یونیورسٹیوں کے گردونوا ح سے 199 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جن سے مجموعی طور پر 1024.056 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئیں۔‘
ایک سال میں ملک بھر سے 177.273 ٹن منشیات ضبط
انسداد منشیات فورس کی ترجمان کنول نور بتاتی ہیں کہ ’اینٹی نارکوٹکس فورس نے سال 2024 کے دوران قومی اور بین الاقوامی سطح مختلف کارروائیوں کے دوران 177.273 ٹن منشیات ضبط کی اور 2234 منشیات سمگلنگ کے مقدمات درج کیے۔‘
’یہ نیٹ ورک صرف مقامی نہیں بلکہ اس میں غیرملکی اور خواتین کی بھی بڑی تعداد ملوث ہے۔‘
کنول نور کے مطابق ’اے این ایف نے گذشتہ ایک برس میں 175 خواتین اور 76 غیرملکیوں سمیت 2238 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گذشتہ سال بین الاقوامی سطح پر منشیات سمگلنگ کے خلاف 32 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران 61 ملزمان کو گرفتار جبکہ ان سے 36532.092 کلوگرام(36 ٹن) منشیات قبضے میں لی گئیں۔‘
37 ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت:
اے این ایف سے جاری ایک بیان کے مطابق ’بین الاقوامی سطح پر انسداد منشیات کے ضمن میں باہمی تعاون کی غرض سے 37 ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے جا چکے ہیں، تاکہ منشیات بیچنے اور خریدنے والا غیر ملکی ہو تو متعلقہ ملک کے ساتھ مل کر کارروائی کی جاسکے۔‘
بیان کے مطابق ان ممالک میں افغانستان، آذربائیجان، آسٹریلیا، برازیل، برونائی دارالسلام، چین، امریکہ، مصر، یونان، انڈیا، ایران، انڈونیشیا، اٹلی، قزاقستان، کمبوڈیا، کویت، کرغستان، مالدیپ، نائجیریا، رونانیہ، فلپائن، روس، سنگاپور، شام، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، تاجکستان، تھائی لینڈ، ترکی، برطانیہ ازبکستان اور سعودی عرب شامل ہیں۔
ان 37 ممالک میں سے 29 کے ساتھ حوالگی کا معاہدہ بھی ہے۔