ایسا نہیں ہے کہ فلم یا نیٹ فلکس پہ کوئی سیزن دیکھنے سے آپ کا وقت ضائع ہوتا ہے، ہرگز نہیں، آپ سمجھ لیجیے کہ نیٹ فلکس اس دور کی لائبریری ہے اور یہ کتابیں ہیں جنہیں پڑھنے کی بجائے آپ دیکھ لیتے ہیں۔
کتاب ایک رخ پر لکھی جاتی ہے، یعنی لفظ ہوتے ہیں رائٹر کے پاس، یا پڑھنے والوں کا تصور ہوتا ہے۔
لکھنے والے کا سب سے بڑا کمال یہ سمجھا جاتا ہے کہ جو انسان کتاب اٹھائے اس کے دماغ میں فلم چل پڑے، لیکن جب کمال فلم ہی ہے تو سیدھے فلم کیوں نہ دیکھی جائے؟
کتابوں کے حق میں سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ وہ انسان کو سوچنے پہ مجبور کرتی ہیں، اس کی مزید سائنسی تفصیل دیکھیں تو جب انسان پڑھ رہا ہوتا ہے، عین اسی وقت اس کے دماغ میں تحریر کے حوالے سے مختلف منظر بن رہی ہوتی ہیں، یعنی دماغ حرکت کر رہا ہوتا ہے۔
جب کہ فلم آپ کے دماغ کو عموماً ریلیکس رکھتی ہے، اسے خود سے تصویریں بنانے کے لیے زیادہ کھپنا نہیں پڑتا، تو سمجھیے فلم میں دماغ کم لگتا ہے۔
اب یہاں دو نکتے ہیں، آپ نے فارغ وقت میں تفریح کو بھی فرض کی طرح نبھانا ہے تب تو میری بلا سے ڈکشنری اٹھا کے بیٹھ جائیں، لیکن دوسری طرف خالص انجوائمنٹ کرنا چاہتے ہیں تو فلم یا سیزن دیکھنے کے لیے طبیعت کو آمادہ کرنا پڑے گا۔
جب سے او ٹی ٹی آیا ہے، یعنی وہ ٹی وی جسے آپ موبائل پہ دیکھتے ہیں، زی، نیٹ فلکس یا پرائم کی شکل میں، تب سے فلموں کا نسبتاً کم لیکن سیزنز کا معیار بہت بلند ہو گیا ہے۔ کئی انگریزی طویل ڈرامے ایسے ہیں جو انسان کو بہت زیادہ کچھ سوچنے پہ مجبور کرتے ہیں، بعض سیزنز میں تو کٹ ٹو کٹ بھرمار ہوتی ہے ایسے ڈائیلاگز کی، جن میں سے بارہ پندرہ بھی الگ کر لیے جائیں تو انہی کو پھیلا کر ایک نیا ناول لکھا جا سکتا ہے۔
تین سال پہلے ہوا یہ کہ میں نے آج کل کی زبان سیکھنے کا ارادہ کرتے ہوئے نیٹ فلکس دیکھنا شروع کیا۔ اس وقت چیٹ جی پی ٹی سرے سے نہیں تھا اور ماڈرن اچھی انگریزی لکھنے کی ضرورت بھی شدید تھی۔
میں اپنی بیٹی کو بڑے عرصے تک اس کی سالگرہ پہ ایک خط لکھا کرتا، وہ ہوتا اردو میں، آدھا اسے سمجھ آتا، باقی آدھا سر پہ سے گزر جاتا، جیسے مڈل کلاسیوں کے بچے ہوتے ہیں انگریزی میڈیم، وہ غریب بھی وہی تھی، تو مجھے لگا کہ سیزنز دیکھنے سے جدید انگریزی زبان، اس کے سلینگز، محاورہ؛ یہ سب پلے پڑ جائے گا، اور تب میں اپنی اولاد کو اس کی مادری زبان میں خط لکھ سکوں گا، اس طرح کم از کم سال میں ایک مرتبہ ابا جی کا ہدایت نامہ وہ مجبورا حرف بہ حرف نہ پڑھ سکے گی بلکہ سمجھ بھی جائے گی۔
ساری زندگی میں نے کتابیں پڑھیں، کوئی خاص فلم یا ڈرامے نہیں دیکھ سکا، طبیعت نہیں تھی، مجھے بھی لگتا تھا کہ وقت ضائع ہو گا، لیکن نئیں استاد، دو ہفتے میں ایسا چسکا لگا کہ پچھلے تین سال میں خدا جانے کتنے سیزن دیکھ گیا، پیمانہ صرف ایک تھا، ’کریٹیکلی ایکلیمڈ‘ والی کیٹیگری دیکھنی ہے، یعنی وہ نیٹ فلکس شوز جنہیں عام دیکھنے والوں کے علاوہ تنقید نگاروں نے بھی زیادہ نمبر دیے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آنکھیں کھل گئیں، چودہ طبق روشن ہو گئے، دنیا کیا کر رہی ہے اور میں اب تک کہاں تھا؟ کتنی مرتبہ چلتا سیزن روک کے میں نے ڈائیلاگ الگ سے نوٹ کیے، جیسے ہم لوگ کتابوں پہ نشان لگاتے تھے، کئی بار سیزن دیکھتے دیکھتے روک کے سوچا ۔۔۔ کہ یار یہ کتاب میں ہوتا تو کیسے سمجھ میں آتا، اسے ناظرین کے لیے ان کی ذہنی سطح پر آ کے ویڈیو کی شکل میں پیش کرنا، یہ کتنے بڑے دماغوں کا کھیل ہو گا! بے تحاشا مرتبہ سیزن ختم ہونے پہ لگا کہ جیسے زندگی ختم ہو گئی ہے، اب کیا دیکھوں، کہاں جاؤں، کدھر دل لگاؤں، مجھے تو اور کوئی کام بھی نہیں آتا!
پھر مجھے سمجھ آئی کہ بے شک اچھے ادیب زندہ ہیں لیکن ایک سبحان اللہ قسم کا نیٹ فلکس شو بنانے میں جتنا دماغ اور وقت خرچ ہوتا ہو گا اس کا نسبتاً اتنا کریڈٹ کسی شو کے لکھاری کو مل نہیں پاتا، اسی لیے شاید اچھے لکھاری صرف ’کتابی ادیب‘ رہنا پسند کرتے ہیں، ویسے بھی ڈرامہ ہٹ ہو تو سارا کریڈٹ ہیرو اور دوسری کاسٹ لے جاتی ہے، مجھ جیسے عام آدمی کو زندگی میں کبھی یاد نہیں رہتا کہ فلانے سیزن کا رائٹر کون تھا۔
ادب والوں نے ریڈیو ٹی وی ڈرامے کو ادب عالیہ سے عاق کیا، غلطی کی، نیٹ فلکس کے دور میں انہیں آگے بڑھ کے اچھا سیزن لکھنے والے کی ستائش کرنی چاہیے ۔۔۔ اس سے ادب کا کینوس تو پھیلے گا ہی ۔۔۔ مجھ جیسے کتابی کیڑوں کو بھی عقل آ جائے گی کہ چند ڈرامے اور فلمیں دنیا میں ایسی ہیں جنہیں دیکھے بغیر بندے کا فوت ہونا بنتا نہیں ہے!
باقی رہا سوال کہ مجھے کیا ان ڈراموں کے بعد بامحاورہ جین زی انگریزی آ گئی، تو جواب ہے کہ جی ۔۔۔ اگلے سال بیٹی کو اسی کی زبان میں خط لکھا جس کا خاطر خواہ اثر ہوا، اس نے جذباتی ہو کر فون کیا تو فقیر نے بتایا کہ میری بچی، باپ نے ہر سال ایسا ہی کچھ لکھا تھا، غلطی یہ تھی کہ تمہاری زبان تک نہیں پہنچ پایا!
اور آخری بات وہی، کہ اچھی فلم، اچھا نیٹ فلکس انگریزی سیزن، یہ چیزیں یار ٹائم ضائع نہیں کرتے، خود بھی دیکھیں، بچوں کو بھی ریکمنڈ کریں، مولا بہتری کرے گا!