انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے اعلان کے مطابق خواتین کے عالمی دن پر ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایک دن کے لیے خواتین کے حوالے کر دیے گئے ہیں جن پر ان خواتین کی جانب سے اپنی اپنی کامیابیوں اور کاوشوں کے بارے میں پوسٹس کی جا رہی ہیں۔
نریندر مودی نے 23 فروری، 2025 کو اعلان کیا تھا کہ وہ آٹھ مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس مختلف شعبوں میں نمایاں رہنے والی خواتین کے حوالے کریں گے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق اپنے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں خطاب کرتے ہوئے مودی نے خواتین کی کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور انہیں اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا ’اس بار خواتین کے عالمی دن پر میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایکس اور انسٹاگرام کو ایک دن کے لیے ملک کی چند باصلاحیت اور متاثر کن خواتین کے حوالے کروں گا۔‘
جس کے بعد آج صبح سے ہی ان کے اکاؤنٹ پر انڈین خواتین کے کارہائے نمایاں کے حوالے سے پوسٹس کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم مودی کے اکاؤنٹ پر لکھا گیا کہ ’صبح سے ہی آپ نے غیر معمولی خواتین کی حوصلہ مند کابیابیوں کے حوالے سے پڑھا ہو گا۔ یہ خواتین انڈیا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتی ہیں لیکن اس سب میں ایک چیز مشترک ہے جو انڈین خواتین کی طاقت کا اظہار ہے۔
انڈین خواتین کی کامیابی کی کہانیاں
مودی کے اکاؤنٹ پر کی جانے والی ایک پوسٹ کے مطابق ڈاکٹر انجلی اگروال نے اپنے سفر کے بارے میں لکھا کہ ‘میں ڈاکٹر انجلی اگروال ہوں۔ میں سینٹر یونیورسل ک بانی ہوں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’وزیراعظم مودی کے اکاؤنٹ کے توسط سے میں کہنا چاہتی ہوں کہ لیبلز کو بھول جائیں، پابندیوں کو بھول جائیں اور انڈیا کی ترقی کے لیے کام کریں۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہو گا کہ ہر خاتون، ہر فرد اپنی زندگی کو آزادی اور عزت سے جیے۔
’ہمیں اپنی کامیابیوں کو بڑھاتے ہوئے معذور افراد کی زندگیوں کو بہتر کرنے کے لیے کام کرنا ہو گا۔‘
ڈاکٹر انجلی خود چلنے پھرنے کی صلاحیت سے محروم ہیں اور وہ وہیل چیئر کا استعمال کرتی ہیں۔ اس سے قبل انڈیا کے سابق صدر ڈاکٹر عبدالکلام ان کی خدمات کے اعتراف میں ان کو تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نواز چکے ہیں۔
اسی طرح اجائتا شاہ نامی ایک خاتون نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں مودی جی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک رسائی پر خوش ہوں۔ میں فرنٹیئر مارکیٹس نامی کمپنی کی بانی ہوں۔‘
اجائتا شاہ کے مطابق ان کی کمپنی دیہی علاقوں میں خواتین کی ترقی کے لیے کام کرتی ہے۔
جوہری سائنسدان علینا مشرا اور سپیس سائنسدان شلپی سونی نے وزیراعظم مودی کے اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’ہمارا پیغام ہے کہ انڈیا سائنس کے لیے ایک کامیاب جگہ ہے، ہم خواتین سے کہتی ہیں کہ وہ اس شعبے میں آگے آئیں۔‘
شطرنج کی گرینڈ ماسٹر ویشالی نے لکھا کہ ’جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ ’میں شطرنج کھیلتی ہوں اور اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہوں۔ میں چھ سال کی عمر سے شطرنج کھیل رہی ہوں۔
’میں تمام خواتین سے کہنا چاہوں گی کہ اپنے خوابوں کو کبھی نہ چھوڑیں چاہے جتنی بھی مشکلات ہوں۔ آپ کی لگن آپ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔‘
ان خواتین کے علاوہ کئی اور خواتین نے بھی وزیراعظم مودی کے اکاؤنٹ سے اپنی کامیابیوں کے سفر کی داستان سنائی ہے اور آج دن بھر انڈین خواتین کی جانب سے وزیراعظم کے اکاؤنٹ کے استعمال سے ایسی کئی پوسٹس سامنے آنا متوقع ہے۔