انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آٹھ مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس مختلف شعبوں میں نمایاں رہنے والی خواتین کے حوالے کریں گے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق اپنے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں خطاب کرتے ہوئے مودی نے خواتین کی کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور انہیں اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ’اس بار خواتین کے عالمی دن پر میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایکس اور انسٹاگرام کو ایک دن کے لیے ملک کی چند باصلاحیت اور متاثر کن خواتین کے حوالے کروں گا۔
’ایسی خواتین جنہوں نے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کی، جدت پسندی کو فروغ دیا اور اپنی ایک منفرد پہچان بنائی۔‘
وزیر اعظم مودی نے خواتین کو اس اقدام میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ایپ کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرائیں اور اس موقعے سے فائدہ اٹھائیں۔
ان کے اس اعلان کو بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے کیونکہ اس اقدام سے خواتین کی خدمات کو مزید نمایاں کرنے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ان کی جدوجہد کی کہانیاں دنیا تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خواتین کا عالمی دن خواتین کی سماجی، اقتصادی، ثقافتی، اور سیاسی کامیابیوں کا عالمی جشن ہے۔
اس کا مقصد صنفی مساوات اور خواتین کے بااختیار ہونے کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔
اس اقدام کے علاوہ مودی نے ریڈیو پروگرام میں مصنوعی ذہانت کے میدان میں انڈیا کی تیز رفتار ترقی پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے اپنے حالیہ دورہ پیرس میں منعقدہ اے آئی کانفرنس کا حوالہ دیا جہاں انڈیا کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
انہوں نے اے آئی کے ذریعے مقامی سطح پر ہونے والی مثبت تبدیلیوں کی مثال دیتے ہوئے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تھوداسم کیلاش کا ذکر کیا جو ایک سرکاری سکول کے استاد ہیں اور اے آئی کا استعمال کرکے قبائلی زبانوں کے تحفظ کے لیے کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے انڈین نوجوانوں کی جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے نمایاں کردار نے انڈیا کو جدت طرازی میں ایک قائد کی حیثیت سے آگے بڑھایا۔
نریندر مودی نے کہا: ’جب بات نئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے اور ان کا استعمال کرنے کی ہو تو انڈیا کے لوگ کسی سے کم نہیں ہیں۔‘