کولمبیا یونیورسٹی: سابق اسرائیلی وزیراعظم کی موجودگی پر فلسطین حامی طلبہ کا مظاہرہ

موقع پر موجود پولیس نے مظاہرین کو قریبی اسرائیل نواز مظاہرین کے ایک چھوٹے گروہ سے الگ رکھنے کی کوشش کی، تاہم دونوں مظاہرے کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہو گئے۔

نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے باہر منگل کو دو سو سے زائد فلسطین حامی مظاہرین نے سابق اسرائیلی وزیرِاعظم نفتالی بینیٹ کے خلاف احتجاج کیا، جو وہاں ایک تقریری نشست کے لیے موجود تھے۔

سات اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور اسرائیل کے حامیوں کے درمیان یونیورسٹی میں ایک سال سے جاری احتجاج کے پس منظر میں، اسرائیل کی دائیں بازو کی سابق قیادت کی موجودگی پر ردِعمل متوقع تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کولمبیا فلسطین سولیڈیریٹی کولیشن کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ایسے شخص کو مدعو کرنے کا فیصلہ، جس کا ریکارڈ کھلی جارحیت اور امتیازی رویے پر مبنی ہے، اس بات کا اشارہ ہے کہ یونیورسٹی کچھ آوازوں کو دوسروں پر ترجیح دیتی ہے۔‘

احتجاج میں شریک مظاہرین میں سے کوئی بھی اے ایف پی کے صحافیوں سے بات کرنے پر آمادہ نہیں ہوا۔

موقع پر موجود پولیس نے مظاہرین کو قریبی اسرائیل نواز مظاہرین کے ایک چھوٹے گروہ سے الگ رکھنے کی کوشش کی، تاہم دونوں مظاہرے کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہو گئے۔

یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کولمبیا یونیورسٹی کی وفاقی فنڈنگ ختم کرنے کی دھمکی دی تھی۔

ٹرمپ نے منگل کو اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا: ’جو بھی کالج، سکول یا یونیورسٹی جو غیر قانونی مظاہروں کی اجازت دے گی، اس کی تمام وفاقی فنڈنگ بند کر دی جائے گی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’اشتعال پھیلانے والوں کو جیل بھیجا جائے گا یا مستقل طور پر ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا جائے گا۔ امریکی طلبہ کو مستقل طور پر نکال دیا جائے گا، یا جرم کی نوعیت کے مطابق گرفتار کیا جائے گا۔‘

اپریل 2024 میں بھی امریکہ کی متعدد یونیورسٹیوں میں فلسطینی طلبہ کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں اور انتظامیہ کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔

کولمبیا یونیورسٹی میں مظاہرین کے ایک بڑے گروپ نے تعلیمی ادارے کے میدانوں میں ’غزہ یکجہتی کیمپ‘ قائم کیا تھا، جو ییل اور ایم آئی ٹی سمیت دیگر کیمپسز میں پھیل گیا تھا۔

کولمبیا یونیورسٹی میں 100 سے زائد طلبہ کی گرفتاریوں کے بعد کیمپس میں پورے سیمسٹر کے لیے کلاسیں بند کر دی گئی تھیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ