پنجاب رمضان سہولت بازار: شناختی کارڈ پر ایک ماہ کے لیے پانچ کلو چینی

موبائل ایپ کے ذریعے ایک ماہ میں ایک شناختی کارڈ پر صرف پانچ کلو چینی کی خریداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک فیملی کے لیے پانچ کلو چینی ماہ رمضان میں ضرورت سے کم ہے، اس کی حد دس سے 15 کلو تک ہونی چاہیے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں لگائے گئے رمضان سہولت بازاروں میں چینی 130 روپے کلو کے حساب سے ایک شناختی کارڈ پر ایک ماہ کے لیے پانچ کلو مل رہی ہے۔

موبائل ایپ کے ذریعے ایک ماہ میں ایک شناختی کارڈ پر صرف پانچ کلو چینی کی خریداری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک فیملی کے لیے پانچ کلو چینی ماہ رمضان میں ضرورت سے کم ہے، اس کی حد دس سے 15 کلو تک ہونی چاہیے۔

دوسری جانب کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر عارف گجر نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت 170 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ اس کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ شوگر ملز کو حکومت نے اس شرط پر چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی کہ مقامی طور پر قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔‘

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’صوبے بھر میں 80 رمضان سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں۔ لاہور شہر میں 10 رمضان سہولت بازار قائم ہیں۔ یہاں دیگر اشیا کے ساتھ چینی بھی سستے داموں فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومت نے ایک شناختی کارڈ پر ماہ صیام میں پانچ کلو چینی 130 روپے فی کلو میں فروخت کو یقینی بنایا ہے۔‘

اقبال ٹاؤن رمضان سہولت بازار میں چینی سٹال کے انچارج محمد حسین نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’موبائل ایپ کے ذریعے ایک شناختی کارڈ پر صرف پانچ کلو چینی فروخت کی جا رہی ہے۔ حکومت نے فی کلو چینی کا ریٹ 130 روپے مقرر کیا ہے۔ جس شناختی کارڈ پر پانچ کلو چینی حاصل کر لی جائے گی، اسے پھر کسی بازار سے دوبارہ اس ریٹ پر چینی نہیں ملے گی۔ موبائل ایپ میں شناختی کارڈ کا اندراج کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی دوبارہ چینی لینے آتا ہے تو ایپ میں ریکارڈ ظاہر ہو جاتا ہے۔ یہاں بازار کے مقابلے میں 30 سے 40 روپے قیمت کم رکھی گئی ہے۔‘

چینی سٹاک کے انچارج محمد اشفاق نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم بہترین معیار کی چینی تھیلوں میں یہاں لا رہے ہیں۔ یہاں پانچ کلو، دو کلو اور ایک کلو کی پیکنگ کی جا رہی ہے۔ پانچ کلو کی قیمت 650 روپے مقرر ہے جو 130 روپے فی کلو بنتی ہے۔ ہم پیکنگ کے بعد سیل پوائنٹ پر پہنچاتے ہیں، وہاں سے شہری خرید سکتے ہیں۔‘

رمضان سہولت بازار میں چینی لینے پہنچے محمد کلیم نے بتایا کہ ’میں پہلے رمضان کو پانچ کلو چینی لے گیا تھا۔ بازار میں ریٹ 170 روپے جبکہ یہاں 130 روپے ہے۔ اب چینی لینے آیا تو انہوں نے شناختی کارڈ کا نمبر ایپ میں ڈالا جس کے بعد انہوں نے کہا کہ آپ پہلے لے چکے ہیں لہٰذا دوبارہ چینی نہیں مل سکتی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہماری فیملی میں 10 افراد ہیں جن میں سے آٹھ روزے رکھتے ہیں۔ شربت اور چائے یا سویٹ ڈش میں چینی استعمال کرنا پڑتی ہے۔ پانچ کلو تو دس دن میں ختم ہوگئی، اب باقی 20 دن بازار سے مہنگی خریدنا پڑے گی۔‘

رمضان بازار سے چینی خریدنے والے شفیق احمد کے مطابق ’آدھے گھنٹے کا سفر طے کر کے آیا ہوں کہ سستی چینی ملے گی، لیکن یہاں ایک شناختی کارڈ پر صرف پانچ کلو چینی ملی وہ بھی 130 روپے فی کلو جبکہ کئی سٹورز پر 140 کے حساب سے مل رہی ہے۔ اب کیا ایک سال میں ہم صرف پانچ کلو چینی استعمال کریں؟ کیونکہ اب پانچ کلو اگلے رمضان میں ہی 130 کے حساب سے ملے گی۔‘

ترجمان ضلعی حکومت لاہور حارث علی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’لاہور میں رمضان بازار کے علاوہ ماڈل بازار بھی موجود ہیں جہاں چینی 140 روپے فی کلو اور جتنی مرضی مقدار میں خریدی جا سکتی ہے۔ ڈی سی ریٹ اوپن مارکیٹ میں 170 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، لہٰذا مارکیٹ میں سرکاری ریٹ کے مطابق اتنے میں ہی ملے گی۔‘

لاہور میں ایک بار پھر چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی قیمت 10 روپے فی کلو اضافے کے بعد 170 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

ایک بیان میں صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن پنجاب عارف گجر کا کہنا ہے کہ شوگر ملز اور ڈیلرز کارٹل کو توڑا نہیں جا سکا، جس کے باعث صورتِ حال تشویشناک ہے اور چینی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا