لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیر کو کچھ خواتین مسافروں کی ہلڑ بازی اور ایک خاتون کسٹمز اہلکار کی ان میں سے ایک خاتون پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ان خواتین کی کسٹمز اہلکاروں سے بدتمیزی اور دوسری ویڈیو میں ایک خاتون کسٹمز افسر کو ایک مسافر خاتون کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (ASF) کے جاری بیان کے مطابق یہ واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا، جب تین خواتین مسافر رات ایک بج کر 15 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچیں اور گرین چینل کا انتخاب کیا۔
بیان کے مطابق سامان کی مقدار زیادہ اور مشکوک ہونے کے باعث کسٹمز اہلکاروں نے ان سے سامان سکین کروانے کو کہا، تاہم انہوں نے انکار کرتے ہوئے مبینہ طور پر عملے کو گالیاں دینا شروع کر دیں۔
اے ایس ایف کے مطابق ایک خاتون نے حراست میں لی گئی اشیا میں سے شراب کی بوتل اٹھا کر عملے کو دھمکایا جبکہ دوسری نے کسٹمز کا سرکاری لیپ ٹاپ زمین پر دے مارا۔
اے ایس ایف کا مزید کہنا ہے کہ ان خواتین کے پاس 24 سی سی ٹی وی کیمرے اور 40 کلوگرام انڈین دلہنوں کا لباس موجود تھا، جسے وہ زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہی تھیں۔
’انہیں روکنے پر ایک مسافر خاتون نے ایک خاتون سپاہی کو مارا اور دوسری کو لات مار کر گرا دیا۔‘
بیان کے مطابق اس دوران ایک خاتون سامان سمیت ایئرپورٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئی، جسے بعد ازاں اے ایس ایف نے دوسری خواتین کے ہمراہ دوبارہ اندر آنے کی اجازت دی، حالانکہ ہمراہ آنے والی خواتین مسافر بھی نہیں تھیں۔
اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ دوبارہ اندر آ کر ان خواتین نے ایک بار پھر عملے پر حملہ کیا، جس کے بعد خاتون سپاہی نے ردعمل کے طور پر انہیں حراستی علاقے کی طرف دھکیلنا شروع کیا۔
پولیس نے تینوں خواتین کو گرفتار کر کے تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ کسٹمز ایکٹ کے تحت علیحدہ ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ تینوں خواتین اس وقت پولیس لاک اپ میں ہیں۔
فضائی میزبان پر مبینہ تشدد، مسافر پیرس میں گرفتار
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ادھر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پیر کو ایک بیان میں بتایا کہ اسلام آباد سے پیرس جانے والی پرواز پی کے 749 پر ایک مسافر کو فضائی عملے پر حملہ کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق مذکورہ مسافر نے دورانِ پرواز تمباکو نوشی کرنے کی کوشش کی، جس پر خاتون فضائی میزبان نے انہیں روکا، تاہم انہوں نے نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ تمباکو نوشی سے باز بھی نہ آئے۔
ترجمان کے مطابق جب عملے اور کپتان نے انہیں بار بار منع کیا تو انہوں نے خاتون فضائی میزبان کا بازو پکڑ کر مروڑ دیا اور کمر پر مکا مارا، جس سے وہ زخمی ہو گئیں۔
مسافر نے فلائٹ سٹیورڈ اور کپتان پر بھی حملے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خود کو محفوظ رکھتے ہوئے سگریٹ چھین لیا۔
ترجمان کے مطابق کپتان نے واقعے کی اطلاع دورانِ پرواز ہی فرانسیسی حکام کو دے دی تھی، جس پر جہاز کے پیرس پہنچنے پر مسافر کو ایئرپورٹ پر ہی پولیس نے حراست میں لے لیا، فضائی میزبانوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے اور ان کا میڈیکل چیک اپ کروا کے پولیس رپورٹ درج کر لی گئی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ فرانسیسی قوانین اس نوعیت کے واقعات پر سخت رویہ اختیار کرتے ہیں اور امید ہے کہ مسافر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
پی آئی اے نے مذکورہ مسافر کو بلیک لسٹ کر دیا ہے، اور اب وہ قومی ایئرلائن پر دوبارہ سفر نہیں کر سکے گا۔