غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے ردعمل میں غیر ملکی فوڈ چینز پر حملے

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ’غزہ میں امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں کے ردعمل میں احتجاج کے طور پر یہ حملے کیے گئے۔‘

فائل فوٹو: 30 مارچ، 2024 کو میرپور میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں توڑ پھوڑ کا شکار ہونے والا کے ایف سی  کا ریستوران (اے ایف پی)

پولیس کے مطابق کراچی اور صوبے کے دیگر شہروں میں بین الاقوامی فوڈ چین ریستوران کینٹکی فرائیڈ چکن (کے ایف سی) کی مختلف شاخوں پر حالیہ حملوں کے بعد سکیورٹی بڑھا دی ہے جبکہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے ردعمل میں پاکستان کے مختلف شہروں میں ان غیرملکی فاسٹ فوڈ چینز کی شاخوں پر حملے کیے گئے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پاکستان میں اسرائیلی مصنوعات کے علاوہ اسرائیل سے جڑی غیر ملکی کمپنیوں کے بائیکاٹ کی کالز دی جاتی رہی ہیں جن پر کچھ حد تک عمل درآمد بھی ہو رہا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ کے ترجمان سید سعد علی کے مطابق بین الاقوامی فوڈ چین ریستوران پر حملوں کے بعد سندھ پولیس کی جانب سے ان ریستورانوں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

جمعے کو انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے سید سعد علی نے کہا کہ ان حملوں کے بعد پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور پولیس نے کئی مقامات پر بین الاقوامی فوڈ چین ریستوران پر حملوں کو ناکام بنایا ہے۔ ’گذشتہ روز کراچی کے ملیر اور کورنگی میں واقع دو ریستورانوں پر حملے کے لیے آنے والے مشتعل ہجوم کو پولیس نے حملہ کرنے کرنے سے روک دیا اور کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔‘

ترجمان آئی جی سندھ کے مطابق: ’کسی کی املاک پر حملہ کرنا، ٹوڑ پھوڑ کرنا اور نقصان پہنچانا ایک سنگین جرم ہے جسے کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان حملوں میں ملوث افراد سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کے ساتھ قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘

انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز سے حملہ آوروں کی شناخت کرکے متعدد گرفتاریاں کی گئی ہیں اور مزید گرفتاریوں کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

دوسری جانب عزیز بھٹی پولیس سٹیشن کے مطابق گذشتہ رات دیر سے یونیورسٹی روڈ پر واقع بین الاقوامی فوڈ چین ریسٹورنٹ، کے ایف سی پر مشتعل افراد نے دھاوا بول دیا، مگر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مشتعل افراد کو منتشر کر دیا  اور واقعے کے بعد بین الاقوامی فوڈ چین ریسٹورنٹ کو سکیورٹی خدشات کے باعث عارضی طور بند کر دیا گیا۔ 

چند روز قبل کراچی ساؤتھ میں واقع پوش علاقے ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں کورنگی روڈ پر کورنگی روڈ پر بھی کے ایف سی پر حملہ کیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ’غزہ میں امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں کے ردعمل میں احتجاج کے طور پر یہ حملے کیے گئے۔‘

پولیس نے فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہجوم کو منتشر کر دیا اور تقریباً 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ 'کراچی ساؤتھ میں واقع ایٹریم مال، آئی آئی چندریگر روڈ، بوٹ بیسن، سی ویو، خیابان شہباز، 26 سٹریٹ اور خیابان اتحاد سمیت سات بڑے بین الاقوامی فوڈ چین ریستوران کی ہر برانچ کے باہر پولیس موبائیل کے ساتھ پولیس نفری کو تعینات کرکے پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔‘

سندھ کے شہر میرپورخاص میں غیر ملکی فوڈ فرنچائز پر حملے میں ملوث 19 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

دو روز قبل میرپورخاص کے مصروف ترین کاروباری علاقے حیدرآباد روڈ پر واقع کے ایف سی پر مشتعل افراد نے پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کے بعد ریسٹورنٹ کو آگ لگا دی تھی۔

پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا تھا۔ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے تھے۔

میرپورخاص پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا تھا۔  میرپور خاص پولیس کے مطابق گذشتہ رات ہنگامہ آرائی میں ملوث مزید آٹھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی